نئی دہلی 24جون (سیاست ڈاٹ کام )دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال کی راجدھانی میں بڑھتے ہوئے جرائم کے تعلق سے تشویش کا دہلی پولیس نے جواب دیاہے ۔مسٹر کیجری وال نے راجدھانی میں سنیچر سے اتوار کے دوران تین الگ الگ واقعات میں نو لوگوں کے قتل کے سلسلہ میں ٹویٹ کرکے دہلی میں امن وقانون کی صورت حال پر مرکز کو نشانہ بنایاتھا۔دہلی پولیس نے بھی ٹویٹ کے ذریعہ وزیراعلی کو جواب دیاہے ۔راجدھانی میں دہلی پولیس مرکزی حکومت کے ماتحت ہے اور اس تعلق سے کجریوال پہلے بھی کئی بار مرکز کونشانہ بناچکے ہیں۔کجریوال نے امن وقانون کی صورتحال کے تعلق سے ٹویٹ کیاتھا’’راجدھانی میں سنگین جرائم میں خطرناک حدتک اضافہ نظر آرہاہے ۔وسنت وہار میں معمر جوڑا اور انکی نوکرانی مردہ پائے گئے ۔دہلی میں گزشتہ 24گھنٹہ کے دوران 9قتل ہوچکے ہیں ۔ دہلی والوں کو سکیورٹی کے لیے کس سے رجوع کرنا چاہئے ‘‘۔