نئی دہلی: دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں آج ہفتہ کی دوپہر موسم نے اچانک کروٹ لی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے لوگوں کو چلچلاتی گرمی سے کچھ راحت ملی۔ مغربی دہلی میں دھول کے طوفان کی وجہ سے دن میں اندھیرا چھا گیا۔ اس کے ساتھ بعض مقامات پر بوندا باندی بھی دیکھنے میں آئی۔دہلی سے متصل گروگرام کے کئی حصوں میں درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے اپنی پیشین گوئی میں یکم جون کو دہلی میں 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مٹی کے طوفان کے ساتھ بوندا باندی کی پیش گوئی کی تھی۔مانسون کی آمد سے پہلے ہی دہلی میں بارش کی سرگرمیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں مانسون کے داخلے کیلئے حالات سازگار دکھائی دے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ مانسون کیرالا میں پہنچ چکا ہے اور جلد ہی یہ دوسری ریاستوں تک پہنچ سکتا ہے۔مانسون 30 جون تک دہلی میں پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں 2 جون کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں کمی ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو گرمی کی شدت سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، اس پورے ہفتے دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 سے 44 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 30 سے 31 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، جنوب مغربی مانسون وقت سے دو دن پہلے یعنی 15 جون تک مدھیہ پردیش میں پہنچنے کا امکان ہے۔ جنوب مغربی مانسون 29 مئی کو کیرالا اور شمال مشرقی خطے میں داخل ہوا تھا۔ عام طور پر 15 جولائی تک مانسون پورے ملک کا احاطہ کرتا ہے۔موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے اسکائی میٹ کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربنس اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کے باعث درجہ حرارت دو ڈگری سے زیادہ گر سکتا ہے۔