عدم فراہمی پر توہین عدالت کی کارروائی پر غورکا انتباہ، ’اب بہت ہوچکا‘:جسٹس سانگھی
نئی دہلی :دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو کیسے بھی دہلی کو 490ایم ٹی آکسیجن فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ نے ہفتہ کے روز مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ دہلی کے لئے مختص 490 ٹن مائع طبی آکسیجن آج ہی فراہم کرے اور ایسا کرنے میں ناکام رہنے پر عدالت اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی پر غور کر سکتی ہے۔ ہائی کورٹ نے بترا ہاسپٹل میں آکسیجن کی شدید قلت سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کرتے ہوئے یہ سخت ہدایت دی ہے۔ سماعت کے دوران اسپتال نے عدالت کو بتایا کہ آکسیجن کی کمی کے سبب اسپتال میں اب تک آٹھ مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس ریکھا پلی کے بنچ نے کہا کہ “ہم مرکزی حکومت کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ کسی بھی حال میں دہلی کو 490 ٹن آکسیجن کی فراہمی آج ہی یقینی بنائے”۔ جسٹس سانگھی نے مرکز کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما سے کہا کہ “اب پانی سر سے اوپر ہوگیا ہے، اور اب بہت ہوچکا”۔جج نے کہا کہ “ہم 490 ٹن سے زیادہ آکسیجن دینے کو نہیں کہہ رہے ہیں۔ آپ نے اسے مختص کردیا ہے۔ اب آپ کے اوپر واجب ہے کہ اس کی فراہمی جلد کریں”۔ عدالت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دہلی کو روزانہ 490 ٹن میڈیکل آکسیجن مختص کیا تھا ، جو صرف کاغذ پر ہے۔ دہلی کو مختص کی گئی آکسیجن ابھی تک نہیں مل سکی ہے۔عدالت نے کہا کہ”ٹینکروں کا انتظام کرنا بھی مرکز کی ذمہ داری ہے”۔ بنچ نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ “اگر حکم کی تعمیل نہیں ہوئی تو ہم توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے پر غور کریں گے”۔