دہلی کیلئے پلے آف کی راہیں مشکل ہوگئیں

   

نئی دہلی : دہلی کیپٹلز (ڈی سی) نے آئی پی ایل 2025 میں شاندار شروعات کی تھی۔ ٹیم نے لگاتار4 میچ جیت کر ٹورنمنٹ کی نمبرایک ٹیم بننے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس کارکردگی کے بعد ان کا پلے آف میں پہنچنا تقریباً یقینی تھا لیکن گزشتہ چند میچوں میں شکستوں نے ان کا راستہ مشکل بنا دیا ہے۔ خاص طور پر کولکتہ نائٹ رائڈرس (کے کے آر) کے خلاف گھر پر14 رنزکی شکست نے دہلی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ تاہم، 10 میچوں میں 6 فتوحات کے ساتھ، دہلی اب بھی پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے، لیکن اب ان پر ٹورنمنٹ باہر ہونے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ تو کیا اس سیزن کی سب سے مضبوط ٹیموں میں سے ایک دہلی کیپٹلس پلے آف سے باہر ہو جائے گی؟یہ سوال دہلی کے مداحوں کیلئے پریشان کن ہے ۔ اکشر پٹیل کی کپتانی میں دہلی کیپٹلس نے 10 میچوں میں 12 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ وہ اس وقت ٹاپ 4 میں ہے۔ پھر بھی وہ باہر ہوسکتے ہیں کیونکہ رائل چیلنجرز بنگلور10 میچوں میں 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی انڈینز10 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور گجرات ٹائٹنزکی ٹیم 9 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبرپر ہے۔ دوسری جانب شریاس آئرکی کپتانی میں پنجاب کنگز نے بھی 9 میچوں میں 11 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہے۔ ان پانچ ٹیموں میں دہلی پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے صرف پنجاب سے آگے ہے۔ لیکن اس نے پنجاب سے ایک میچ زیادہ کھیلا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پنجاب کے پاس اب بھی آگے بڑھنے کا موقع ہے۔ اسی وقت،گجرات اورممبئی کے بھی 12 پوائنٹس ہیں، لیکن ممبئی کا نیٹ رن ریٹ (+0.889) دہلی (+0.362) سے بہت بہترہے۔ گجرات نے بھی دہلی سے ایک میچ کم کھیلا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ بھی 10ویں میچ کے بعد پوائنٹس کے لحاظ سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اس لیے دہلی کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ اگرگجرات اور پنجاب کی ٹیمیں اپنے 10ویں میچ جیت جاتی ہیں تو دہلی ٹاپ 4 سے باہر ہو جائے گی۔ان حالات کے بعد دہلی کیلئے اپنی پیش قدمی کیلئے محنت کرنی ہے ۔