نئی دہلی: دہلی کیپٹلز کے ہندوستانی نوجوان کھلاڑی خواہ وہ آئی پی ایل کے جاریہسیزن میں ابھی تک متاثرکن مظاہرہ پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں لیکن آل راؤنڈر مچل مارش کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ ان کا ساتھ دینا چاہتی ہے۔ کیپٹلز کو گزشتہ رات سن رائزرس حیدرآباد کے ہاتھوں 9 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کیپٹلز کی آٹھ میچوں میں یہ چھٹی شکست ہے ۔ 198 رن کے تعاقب میں کیپٹلز نے 11 اووروں میں 110رن بنائے لیکن میچ کا رخ فل سالٹ (35گیندیں، 59رن) اور مچل مارش (39گیندیں، 63 رن) کے آؤٹ ہونے سے بدل گیا۔ کیپٹلز کا ہندوستانی نوجوانوں سے سجا مڈل آرڈر ناکام رہا اور ٹیم 20 اوور میں 188/6 کے اسکور تک ہی پہنچ سکی۔ مارش نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹنگ لائن اپ میں کچھ نوجوان کھلاڑی ہیں لیکن ان کا ساتھ دینا اور ان پر اعتماد کا اظہار کرنا ضروری ہے ۔ انہیں میدان میں اتار کر مختلف حالات میں کھلانا ضروری ہے ۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم اس خاص وجہ سے میچ ہارے ۔ آج بہت سی چیزیں ایسی تھیں جہاں ہم بہتر کر سکتے تھے اور میچ جیت سکتے تھے ۔ ٹاس ہارنے کے بعد بولنگ کرتے ہوئے کیپٹلز نے سن رائزرز کو پاور پلے میں جارحانہ ہونے کا موقع دیا، لیکن درمیانی اووروں میں ان کے گیند بازوں نے بڑی حد تک واپس کی۔ سن رائزرز 15 اووروں میں صرف 135 رن بنا سکی لیکن کیپٹلز نے آخری پانچ اووروں میں 62 رن دیکر مخالف ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچنے کا موقع فراہم کیا۔ مارش نے کہا کہ اگر آپ ہمارے سیزن کو دیکھیں تو آپ کسی پر الزام نہیں لگا سکتے ۔ ہم نے کچھ بہت ہی قریبی میچ ہارے ۔ اگر ہم وہ میچ جیت جاتے تو ہم ان چیزوں کے بارے میں بات نہیں کر رہے ہوتے ۔ کیپٹلز چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں نچلے 10ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے ، لیکن سالٹ اور مارش کی اننگز ان کے لیے مثبت ثابت ہوئی۔ مارش نے 39 گیندوں پر ایک چوکے اور چھ چھکوں کی مدد سے 63 رن کی نصف سنچری اننگز کھیلنے کے علاوہ چار اووروں میں 27رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اپنی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آج بلے اور گیند دونوں سے اپنا حصہ ڈالنا اچھا لگا۔ ٹورنمنٹ میں میری شروعات اچھی نہیں تھی۔ میں گیند اور بلے دونوں سے اپنا حصہ نہیں ڈال سکا۔ میں اپنی تکنیک پر یقین رکھتا ہوں۔