نئی دہلی :کسان قائد راکیش ٹکیٹ کی اپیل کے بعد کسانوں کی تحریک میں عوام کا کئی گنا اضافہ ہوگیا اورغازی پور بارڈر پر کسانوں کے ہجوم میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا کہ کسانوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر غازی پور بارڈر پر راتوں رات 12 لیئر کی بیریکیڈنگ کر دی گئی ہے۔ پولیس کی طرف سے خار دار تاروں کو بھی لگایا گیا ہے۔ قومی شاہراہ 24 کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ نوئیڈا سیکٹر 62 سے اکشر دھام جانے والی سڑک بھی مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔دوسری طرف، کسانوں کے ذریعہ مستقل طور پر تحریک کو تیز کرنے کی کوشش جاری ہے۔ کسان پوری مضبوطی کے ساتھ ایک بار پھر دہلی پہنچ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی پولیس نے کسانوں کو ریاست میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے بھی تیاریاں کرلی ہیں۔ غازی پور بارڈر کو قلعے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔راکیش ٹکیٹ کے آنسوؤں نے پوری صورتحال ہی بدل دی وہ بضد ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو، وہ احتجاج کا مقام خالی نہیں کریں گے۔ انہوں نے جو اپیل کی اس کا اثر یہ ہوا کہ کہ راتوں رات مغربی اتر پردیش کے کسان بڑی تعداد میں غازی پور بارڈر پر پہنچ گئے اور اس تقریباً ختم ہوچکی تحریک کو زندہ کیا۔