دہلی کی نئی کابینہ، آتشی کے ساتھ 5 وزراء حلف لیں گے

   

مکیش اہلاوت، سوربھ بھردواج اور عمران حسین شامل
نئی دہلی: دہلی حکومت کی نئی کابینہ کی تصویر صاف ہو گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق آتشی کے ساتھ 5 دیگر وزراء حلف لیں گے۔ ان وزراء میں گوپال رائے، کیلاش گہلوت، سوربھ بھاردواج، اور عمران حسین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مکیش اہلاوت بھی کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیں گے۔ذرائع کے مطابق دہلی کے ایل جی نے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کے استعفیٰ اور آتشی کی طرف سے نئی حکومت بنانے کے دعوے کا خط صدر کو بھیج دیا ہے۔ آتشی نے عام آدمی پارٹی کے قانون سازوں کی نئی قائد منتخب ہونے کے بعد ایل جی وی کے سکسینہ سے ملاقات کی اور نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ ایل جی نے نئی حکومت کے حلف اٹھانے کیلئے 21 ستمبر کی تاریخ تجویز کی ہے۔یاد رہے کہ اروند کجریوال نے شراب اسکام میں ضمانت پر جیل سے باہر آنے کے بعد وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کجریوال نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب عوامی عدالت میں جائیں گے اور اس کا فیصلہ آنے تک وزیراعلیٰ کی کرسی پر نہیں بیٹھیں گے۔ کجریوال کے استعفیٰ کے بعد آتشی نے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ حلف اٹھانے کی تقریب ایل جی سیکریٹریٹ میں ہوگی لیکن اگر عام آدمی پارٹی کسی اور مقام پر یہ تقریب منعقد کرنا چاہتی ہے تو اس کا بھی انتظام کیا جا سکتا ہے۔