دہلی کی ہوٹل میں مہیب آتشزدگی، 17 ہلاک

,

   

خوفزدہ دو افراد کی چوتھی منزل سے چھلانگ ، دم گھٹنا اکثر اموات کی وجہ ،ہوٹل منیجر گرفتار
نئی دہلی 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے جنرل منیجر ارپت پیالیس ہوٹل اور رکن عملہ کو گرفتار کرلیا جب کہ وسطی دہلی کے علاقہ قرول باغ میں منگل کی صبح ایک ہوٹل میں مہیب آتشزدگی کے نتیجہ میں کم سے کم 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ قرول باغ میں گردوارہ روڈ پر واقع ارپت ہوٹل میں یہ آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ دہلی فائر سرویس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ آگ بھڑک اُٹھنے کی اطلاع سے متعلق کل صبح 4.35 بجے موصول ہوا تھا۔ جس کے ساتھ ہی 24 فائر ٹنڈرس مقام واقعہ پر روانہ کئے گئے تھے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ آگ میں 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں کو بشمول رام منوہر لوہیا تین دواخانوں کو منتقل کیا گیا۔ ایک سینئر ڈاکٹر نے کہاکہ رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں فی الحال 13 نعشیں ہیں۔ متوفیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اس واقعہ کے ایک ویڈیو میں جھلستی عمارت کی چوتھی منزل سے دو افراد کو چھلانگ لگاتے ہوئے دکھایا گیا۔ آگ سے خوفزدہ یہ دونوں افراد غالباً اپنی جان بچانے کی کوشش کے طور پر چھلانگ لگائے تھے۔ چشم دید گواہوں کے مطابق دم گھٹنے سے اکثر اموات ہوئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہوٹل کی راہداری میں چوبی چھت کے سبب آگ تیزی سے پھیل گئی۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ آگ بجھانے والے چند آلات کے استعمال سے پتہ چلتا ہے کہ وہاں پھنسے ہوئے بعض افراد نے بچ نکلنے کے لئے آگ بجھانے کی کوشش بھی کی تھی۔ آگ بجھانے کے بعد عمارت کو ٹھنڈا کرنے کا عمل جاری ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔