دہلی کی یوم جمہوریہ پریڈ میں تلنگانہ کی جھانکی نہیں ہوگی

   

مرکز کی عدم منظوری سے تلنگانہ حکومت کو مایوسی
حیدرآباد۔/6جنوری، ( سیاست نیوز) جاریہ سال نئی دہلی میں یوم جمہوریہ پریڈ میں تلنگانہ کی جھانکی شامل نہیں ہوگی۔ اس طرح مسلسل دوسری مرتبہ تلنگانہ حکومت کو مایوسی ہوئی ہے۔ یوم جمہوریہ پریڈ میں شامل کئے جانے والی جھانکیوں کی مسابقت میں تلنگانہ کی جھانکی کو منظوری حاصل نہیں ہوئی۔ اس طرح نئی ریاست تلنگانہ کی پریڈ میں کوئی نمائندگی نہیں رہے گی۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ جاریہ سال بھی تلنگانہ دہلی کی پریڈ میں شامل نہیں رہے گا۔ ریاستی حکومت نے 2015 میں تلنگانہ کی تہذیبی اور ثقافتی روایات کی عکاسی کرتے ہوئے بونالو فیسٹول کی جھانکی تیارکی تھی جسے سلیکشن کمیٹی نے منظوری دی تھی اس کے بعد سے تلنگانہ حکومت کی جانب سے پیش کی گئی کوئی بھی تجویز کو منظوری حاصل نہ کرسکی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جھانکیوں کی انتخاب کرنے سے متعلق کمیٹی کے سامنے بعض ترمیمات بھی پیش کی گئیں لیکن انہیں منظوری حاصل نہیں ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال مرکزی حکومت نے مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش تقاریب منانے کیلئے گاندھی کا نظریہ منتخب کیا تھا۔ مرکزی حکومت کی سفارشات کے مطابق تمام ریاستوں کو مہاتما گاندھی کے رول اور شخصیت کے بارے میں جھانکیاں تیار کرنی تھیں۔ حکومت نے ابتداء میں تصاویر کے ساتھ تفصیلی رپورٹ روانہ کی جس میں حیدرآباد میں قائم کردہ ڈیجیٹل میوزیم کو شامل کیا گیا۔ حیدرآباد میں باپو گھاٹ کی تعمیر کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ سابرمتی آشرم ریزرویشن اینڈ میموریل ٹرسٹ کے پاس مہاتما گاندھی کی نادر ڈائری موجود تھی جو ان کے دورہ کی تفصیلات پر مشتمل تھی لیکن ریاست کی تقسیم کے بعد یہ ادارہ آندھرا پردیش کے حصہ میں آگیا۔ الغرض مہاتما گاندھی سے متعلق مختلف تفصیلات کے ساتھ جھانکی تیار کرتے ہوئے مرکز کی منظوری کیلئے روانہ کی گئی لیکن تاحال منظوری کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی جس کا مطلب صاف ہے کہ جھانکی کو سلیکشن کمیٹی کی منظوری حاصل نہیں ہوئی ہے۔