دہلی کی 13 مساجد کے 102 کے منجملہ 52 افراد کورونا پازیٹیو

   

چاندنی محل مخدوش علاقہ ، متوفیوں ومتاثرین کے رابطے میں آنے والوں کی شناخت

نئی دہلی ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چاندنی محل کے علاقہ کی 13 مساجد میں رہنے والے 102 کے منجملہ 52 افراد کے کورونا وائرس معائنے مثبت پائے گئے۔ ان میں اکثر وہ ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ عہدیداروں نے ہفتہ کو یہ اعلان کیا اور کہا کہ قومی دارالحکومت میں کووڈ۔19 سے متاثرہ 30 مخدوش علاقوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے اور چاندنی محل کو بھی مخدوش علاقہ قرار دیا جاچکا ہے۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے پی ٹی آئی سے کہا کہ گزشتہ چار دن کے دوران وسطی دہلی علاقہ میں کم سے کم تین افراد کورونا وائرس وباء سے جانبر نہ ہوسکے۔ عہدیداروں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دن کے دوران بڑے پیمانے پر متاثرین کی شناخت و توثیق کی مہم چلائی گئی جس میں سرکاری ایجنسیوں نے 102 افراد کا پتہ چلایا جن میں چند وہ بیرونی افراد بھی شامل ہیں جو چاندنی محل علاقہ کی 13 مختلف مساجد میں قیام پذیر تھے۔ ابتدائی طبی معائنوں کے بعد 102 کے منجملہ 52 متاثر پائے گئے۔ ان تمام کو مختلف قرنطینہ مراکز کو بھیج دیا گیا ہے۔ حکام نے چاندنی محل علاقہ میں کیمیائی صفائی کا عمل شروع کیا ہے اور مذہبی مقامات پر رہنے والے افراد کی کثیر تعداد کی شناخت کی جارہی ہے۔ 3 متوفی افراد اور بعدازاں کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے والے 52 افراد کے رابطوں میں آنے والے تمام افراد کی شناخت کی جارہی ہے اور انہیں معائنوں کے بعد گھر پر ہی قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گورنروں کی مداخلت روکنے پڈوچیری کے چیف منسٹر کا مطالبہ
٭پڈوچیری کے چیف منسٹر وی نارائنا سوامی نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ ریاستوں کی کارکردگی میں گورنروں اور لیفٹننٹ گورنرس کی مداخلت کو روکا جائے۔