دہلی کے آزاد مارکٹ خطوط پر رنگاریڈی میں 300 ایکڑ پر فروٹ ، فلاور مارکٹ کا قیام : چیف منسٹر

   

حیدرآباد :۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایک فروٹ اینڈ فلاور مارکٹ تقریبا 300 ایکڑ پر کونگارا کلاں ضلع رنگاریڈی میں تعمیر کی جائے گی ۔ اس کا اعلان چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مارکٹ دہلی میں موجود آزاد مارکٹ کے خطوط پر ہوگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک جامع ہارٹیکلچر کلیٹولیشن پالیسی تیار کی جائے گی ۔ جس کے نتائج ایک سال کے اندر محسوس کئے جائیں گے ۔ ریاست کو ہارٹیکلچر شعبہ میں بھی نمبر ون پوزیشن حاصل ہوگا ۔ چیف منسٹر نے کل یہاں پرگتی بھون میں ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ کی سرگرمیوں پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ کاشت کاری میں معیاری تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور ترکاریوں ، فروٹس ، پھولوں اور دیگر ہارٹیکلچر فصلوں کی کاشت کو بڑھاوا دینے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کئی اقسام کی مٹی کی اراضیات اچھی بارش کی نعمتوں سے مالا مال ہے اور یہاں کے کسان اپنے میں مہارت رکھتے ہیں لہذا ان باتوں سے بھر پور استفادہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکاریوں ، پھلوں ، پھولوں اور دیگر ہارٹیکلچر فصلوں کی کاشت میں ایک انقلابی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں ایسے لاکھوں کسان خاندان ہیں جو اپنے پیشہ میں مہارت رکھتے ہیں اور یہ ہارٹیکلچر فصلوں کی کاشت کے لیے موزوں ہے ۔ اس قدر فوقیت کے باوجود ریاستی حکومت ترکاریوں ، پھلوں اور پھولوں کے اقسام اور تیل کے بیج دوسری ریاستوں سے لارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ہارٹیکلچر فصلوں میں بھی خود مکتفی ہونا چاہئے ۔۔