دہلی کے آشا کرن شیلٹر میں 14 اموات کی تحقیقات کا حکم

   

نئی دہلی: دہلی حکومت نے جمعہ کے روز دارالحکومت میں ذہنی معذور لوگوں کی پناہ گاہ آشا کرن شیلٹر میں صحت کے مسائل اور غذائی قلت کی وجہ سے جنوری 2024 سے اب تک 14 لوگوں کی موت کی مجسٹریل تحقیقات کا حکم دیا۔دہلی کی وزیر آتشی نے ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو سے کہا ہے کہ وہ 48 گھنٹے کے اندر اس معاملے میں رپورٹ پیش کریں۔وزیر موصوفہ نے اپنے خط میں کہاکہ راجدھانی دہلی میں اس طرح کی بری خبر سن کر بہت صدمہ ہوا اور اگر یہ سچ ہے تو ہم اس قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے اور اس کی مکمل چھان بین کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیر تحویل اشخاص کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے واسطے ایسے تمام مراکز کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے پورے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اے سی ایس ریونیو فوری طور پر اس پورے معاملے کی مجسٹریل انکوائری شروع کریں جیسا کہ نیوز رپورٹ میں بتایا گیا ہے اور 48 گھنٹوں کے اندر اس کی رپورٹ پیش کی جائے ۔