۔8 فرور ی کا الیکشن ہندوستان۔ پاکستان مقابلہ،بی جے پی قائد کپل مشرا کا متنازعہ بیان
نئی دہلی ۔ /23 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے دہلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے مقامات کو ’’منی پاکستان‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اسمبلی کے آنے والے انتخابات دہلی کی سڑکوں پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہوں گے ۔ اپنے کئی اشتعال انگیز ٹوئیٹس میں ماڈل ٹاؤن حلقہ کے بی جے پی امیدوار کپل مشرا نے کہا کہ پاکستانی فسادیوں نے دہلی کی سڑکوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف تحریک کا خاص تذکرہ نہیں کیا لیکن شاہین باغ اور دہلی کے دیگر مقامات پر جاری احتجاج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ کپل مشرا نے عام آدمی پارٹی کو چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہین باغ سے پاکستان داخل ہوا ہے اور دہلی میں کئی منی پاکستان قائم ہورہے ہیں ۔ شاہین باغ ، چاند باغ اور اندرا لوک میں ہندوستانی قانون پر عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’پاکستان کی انٹری شاہین باغ میں ہوچکی ہے ۔ دہلی میں چھوٹے چھوٹے پاکستان بنائے جارہے ہیں ۔ شاہین باغ ، چاند باغ ، اندرا لوک میں دیش کا قانون نہیں مانا جارہا ہے ۔ ’’پاکستانی دنگائیوں کا دہلی کی سڑکوں پر قبضہ‘‘ ۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے جنوبی دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بڑی تعداد میں خواتین احتجاج کررہی ہیں ۔ کپل مشرا نے کہا کہ /8 فروری کو دہلی کی سڑکوں پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔ ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا کہ بی جے پی 8 فروری کے انتخابات جیتے گی اور 11 فروری کو ووٹوں کی گنتی کے بعد کجریوال استعفیٰ دیں گے ۔