دہلی کے ایمس میں آئندہ دو دنوں میں ’کوویکسین‘ کا پہلا ڈوز

,

   

نئی دہلی۔ کورونا وائرس (کووڈ۔19 ) ویکسین ‘کوویکسین’ کے انسانی تجربہ کیلئے منتخب امیدواروں کو آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں ہفتہ تک کورونا ویکسین کاپہلا ڈوز دے دیا جائے گا۔ایمس میں ویکسین کے انسانی تجربہ کی رہنمائی کررہے کمیونٹی میڈیسن محکمہ کے سربراہ ڈاکٹر سنجے رائے نے آج بتایا کہ انسانی تجربہ کیلئے منتخب امیدواروں کی پیرکو ہیلتھ اسکریننگ ہوئی تھی۔ ہیلتھ اسکریننگ کی رپورٹ آنی شروع ہوگئی ہے لیکن ابھی پوری رپورٹ نہیں آئی ہے ۔پوری رپورٹ آنے کے بعدجمعہ کوپہلا ڈوز دیا جاسکتاہے ۔ اگررپورٹ جمعہ تک نہیں آئی تو ہفتہ کو ہر حال میں پہلا ڈوز دیا جائے گا۔ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ ابتدا میں پانچ لوگوں کو کوویکسین کا ڈوز دیا جائے گا۔ اسکے بعد اگلے کچھ دنوں میں دس یا زیادہ سے زیادہ پندرہ لوگوں کے گروپ کوروزانہ کوویکسین کاڈوز دیا جائے گا۔ ویکسین دینے کے بعد سبھی 100 لوگوں کی معمول کے وقفے پر میڈیکل جانچ ہوتی رہے گی۔واضح رہے کہ انسانی تجربہ میں شامل امیدواروں کی کئی طرح کی میڈیکل جانچ کی گئی ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ وہ کورونا سے متاثر نہیں ہیں اور نہ ہی وہ بلڈ پریشر، شوگر وغیرہ بیماریوں سے متاثر ہیں۔پوری طرح سے صحت مند لوگوں کوہی اس ٹسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ یہ ٹسٹ حاملہ خاتون پر نہیں کیاجائے گا۔دونوں مرحلوں کے انسانی ٹسٹ میں مجموعی طور سے 1,125 لوگوں کو کوویکسین کا ڈوزدیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 375 لوگوں کو کوویکسین کا ڈوز دیا جانا ہے ، جن میں سے 100 لوگوں پر ٹسٹ تنہاایمس دہلی کررہاہے ۔ دوسرے مرحلے میں ایمس دہلی میں کتنے لوگوں پر ٹسٹ کیا جائے گا، یہ ابھی طے نہیں کیاگیاہے لیکن یہ طے ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی ایمس میں ہی سب سے زیادہ ٹسٹ ہوگا۔