نئی دہلی، 7 جنوری (یو این آئی) قومی راجدھانی میں بدھ کے روز ہوا کے معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) معمولی بہتری کے ساتھ 299 درج کیا گیا، تاہم ہوا کا معیار اب بھی ‘خراب’ کے زمرے میں برقرار ہے ۔ منگل کے روز دہلی کا اے کیو آئی 310 ریکارڈ کیا گیا تھا۔سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کی سمیر موبائل ایپلی کیشن سے آج صبح 9:05 بجے حاصل کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نہرو نگر (360)، آنند وہار (349)، پُوسا (345)، چاندنی چوک (342)، جہانگیر پوری (342)، اوکھلا فیز-2 (342) اور سری فورٹ (342) علاقوں میں اے کیو آئی ‘بہت خراب’ زمرے میں درج کیا گیا۔سی پی سی بی کے مطابق نریلا میں اے کیو آئی 295، دہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں 299، آئی ٹی او میں 291، علی پور میں 283، نجف گڑھ میں 281 اور دہلی یونیورسٹی نارتھ کیمپس میں 280 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ’خراب’ زمرے میں ہے ۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ قومی راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 14 سے 16 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے ، جبکہ کم از کم درجۂ حرارت گر کر پانچ سے سات ڈگری سیلسیس تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ نے کئی مقامات پر ہلکی دھند اور صبح کے وقت کچھ جگہوں پر گھنے کہرے کی بھی وارننگ جاری کی ہے ۔
اسی دوران ایئرلائنز نے آج مسافروں کے لیے متعدد سفری ہدایات جاری کیں۔ گزشتہ تاخیر شب جاری ایک ایڈوائزری میں ایئر انڈیا نے کہا کہ بدھ کی صبح دہلی اور شمالی ہند کے بعض حصوں میں شدید کہرے اور کم حدِ بصارت کے امکانات کے باعث اس کے نیٹ ورک میں پروازوں کے شیڈول پر اثر پڑ سکتا ہے ۔
