پولیس تشویش کا شکار ۔ افواہوں پر کان نہ دھریں : کمشنر پولیس
حیدرآباد ۔9۔ مارچ (سیاست نیوز) دہلی فسادات کے بعد اب اگلا نشانہ حیدرآباد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر ایک آڈیو گشت کر رہی ہے جس کے نتیجہ میں پولیس تشویش کا شکار ہوگئی ۔ حالانکہ پولیس عہدیدار دعویٰ کر رہے ہیں کہ شہر میں کسی قسم کے فساد کا خطرہ نہیں ہے اور لااینڈ آرڈر صورتحال اطمینان بخش ہے لیکن ایک آڈیو کی مسلسل گشت نے پولیس کو الجھن میں مبتلا کردیا۔ ایک آڈیو واٹس ایپ گروپ میں پائی گئی جس میں بتایا گیا کہ دہلی کے بعد حیدرآباد اگلا نشانہ ہے اور یہاں مسلمان اپنی دفاع کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ کئی واٹس ایپ گروپس میں یہ آڈیو وائرل ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں شہر کے اقلیتی طبقہ کے افراد تشویش کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس خبر میں ایسی باتوں کا تذکرہ کیا گیا جو پولیس کیلئے درد سر ہوگیا ہے۔ وائرل میسج کثرت سے واٹس ایپ گروپس میں پائے جانے کے نتیجہ میں انٹلی جنس ایجنسیاں بھی چوکس ہوگئی ہیں اور ایک مخصوص ویب سائیٹ کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں انٹلی جنس تکنیکی ٹیمیں اور حیدرآباد سٹی پولیس کی آئی ٹی سیل اور سائبر کرائم پولیس چوکس ہے۔ وائرل نیوز گشت کے نتیجہ میں کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اشتعال انگیز مواد واٹس ایپ پر گشت نہ کروائیں چونکہ بعض شرپسند افراد غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور غلط خبروں پر بھروسہ نہ کریں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ وہ امن کے دشمنوں کو بے نقاب کرنے میں مدد کریں اور حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذہب مستحکم کریں۔