عوام کو لاک ڈائون کی پابندی کا مشورہ، اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات اور مختلف محکمہ جات کی سرگرمیوں پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت، ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس شویتا کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ چینا سے کورونا کی شروعات ہوئی اور 203 مالک اس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ 8 لاکھ سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیں اور دنیا بھر میں 40 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ ہندوستان میں 1420 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے اور 50 سے زائد ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ تلنگانہ میں 70 افراد متاثر ہیں، ان میں سے 6 کی موت واقع ہوئی۔ اس مرض کی کوئی دوا نہیں ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر کے ذریعہ بچائو ممکن ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں تک محدود رہتے ہوئے لاک ڈائون کی پابندی کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے عوام کی بھلائی کے لیے تحدیدات کا اعلان کیا ہے۔ مرض کی روک تھام کے لیے حکومت سنجیدگی سے قدم اٹھارہی ہے۔ اسپیکر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اسمبلی اجلاس کو مقررہ تاریخ سے قبل ملتوی کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات کی صورت میں تلنگانہ میں صورتحال قابو میں ہے۔ مارچ میں نئی دہلی میں منعقدہ مذہبی اجتماع میں مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں بیرونی ممالک سے بھی کئی لوگ شریک ہوئے جن میں کورونا وائرس کے اثرات پائے گئے ہیں۔ کاماریڈی ضلع سے 6 افراد نے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ ان تمام کی رپورٹ منفی منظر عام پر آئی ہے۔ بانسواڑہ شہر میں دو افراد کو کورونا مثبت پایا گیا ہے جبکہ ایک کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ بانسواڑہ میں کورونا متاثرین کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے عہدیداروں کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی جانچ کے لیے لیباریٹریز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو امدادی رقم بینک اکائونٹ میں منتقل کی جارہی ہے۔ اسپیکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کی سختی سے پابندی کریں۔
