دہلی کے تیس ہزاری کورٹ میں وکلاء اور پولیس میں جھڑپ

   

نئی دہلی ۔ 2 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے تیس ہزاری کورٹ کامپلکس میں آج دوپہر وکلاء اور پولیس ملازمین کے درمیان شدید جھڑپ ہوگئی ۔ اس دوران پولیس کی (9) گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔ وکلاء کا الزام ہے کہ اس جھرپ میں ان کے دو رفقاء زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک پولیس کی فائرنگ سے زخمی بھی شامل ہے ۔ دوسری طرف پولیس نے فائرنگ کرنے سے انکار کیا ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پارکنگ کے مسئلہ پر بعض وکلاء اور پولیس ملازمین کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جو جھگڑے کی صورت میں اختیار کرگئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس موقع پر پولیس کی ایک وہیکل کو آگ لگادی گئی جبکہ دیگر آٹھ وہیکلز کو نقصان پہنچایا گیا ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ عملہ کو بھیجا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد بھاری تعداد میں پولیس کو تعینات کردیا گیا۔ اس دوران وکلاء نے کورٹ کی گیٹ کے روبرو احتجاجی دھرنا دیا اور الزام عائد کیا کہ اس واقعہ کے دوران پولیس نے فائرنگ کی۔ انہوں نے خاطی پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ دہلی کانگریس صدر سبھاش چوپڑہ نے اپنے حامیوں کے ساتھ کورٹ کامپلکس کا دورہ کیا اور اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔