دہلی کے راجندر نگر میں 24 گھنٹے پانی کی فراہمی کا آغاز

   

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے، عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے منگل کو یہاں راجندر نگر کے علاقے میں پانڈو نگر ڈی ڈی اے (دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے فلیٹ میں 24 گھنٹے پانی کی فراہمی کی سہولت کا آغاز کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ہم 10 سال قبل دہلی میں اقتدار میں آئے تو تقریباً 50-60 فیصد پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جاتا تھا۔ اس وقت ٹینکر مافیا ہوا کرتا تھا۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آج، 10 سال بعد، دہلی میں 97 فیصد پانی پائپ لائن کے ذریعے پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج راجندر نگر میں 24 گھنٹے صاف پینے کے پانی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے اور آنے والے وقت میں ہم اسے پوری دہلی تک پھیلا دیں گے۔ یہ ظاہر کرنے کے لیے کہ پانی صاف ہے، کیجریوال نے براہ راست نل سے پانی پیا۔ اس دوران دہلی کے وزیر اعلیٰ اتیشی اور مقامی ایم ایل اے درگیش پاٹھک بھی اے اے پی کے سربراہ کے ساتھ موجود تھے۔ اے اے پی نے اگلے سال فروری میں ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے راجندر نگر حلقہ سے پاٹھک کو میدان میں اتارا ہے۔