نئی دہلی۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ’’دیش کے غداروں کو، گولی مارو سالوں کو‘‘ یہ نعرہ حالیہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی قائدین بالخصوص مرکزی مملکتی وزیر انوراگ ٹھاکر نے انتخابی جلسہ میں لگایا تھا۔ تب سے ماحول فرقہ وارانہ رنگ اختیار کرگیا اور اس کے نتیجہ میں شمال مشرقی دہلی میں اتوار ، پیر، منگل کو تشدد کے سنگین واقعات پیش آئے۔ اب تک 42 افراد کی جان گئی ہے اور سینکڑوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہفتہ کو دہلی کے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن میں یہی نعرہ ایک گروپ نے لگایا ۔ انوج دیال پی آر او دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے کہا کہ صبح تقریبا11 بجے نعرے لگائے گئے ۔ ڈی سی پی میٹرو وکرم پوروال نے کہا کہ 6 لڑکوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔