نئی دہلی: دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پیر کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا۔آج صبح سے ان کے گھر کی تلاشی لی گئی۔ امانت اللہ پر دہلی وقف بورڈ میں تقرریوں اور اس ادارہ سے تعلق رکھنے والی 100 کروڑ روپئے کی جائیدادوں کے لیز سے متعلق بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ جس پر انھیں گرفتار کرلیا گیا۔ قبل ازیں امانت اللہ خان نے آج صبح ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ای ڈی کے عہدیداروں کی ان کے گھر آمد کی اطلاع دی تھی اور ان کی گرفتاری کے امکانات کو ظاہر کیا تھا۔ ویڈیو میں امانت اللہ نے کہا تھا کہ اس وقت صبح 7 بج رہے ہیں اور ای ڈی مجھے گرفتار کرنے میرے گھر پہنچی ہے۔ میرے گھر میں میری ساس ہیں جن کا کینسر کا آپریشن ہوا ہے۔ میں نے ان لوگوں کو ہر نوٹس کا جواب دیا ہے، جو اسے وقف کے نام پر بھیجے ہیں۔ انہیں صرف مجھے گرفتار کرنا ہے اور ہمارا ترقیاتی کام بند کرنا ہے۔ وہ پچھلے دو سال سے مجھے ہراساں کر رہے ہیں ۔ دریں اثناء ای ڈی نے امانت اللہ کو دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے امانت اللہ کو 10 دن کیلئے ای ڈی تحویل میں دینے کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔