دہلی کے شہری جزوی طور پر پبلک ٹرانسپورٹ اور مالس کھولنے کے حامی

,

   

لاک ڈاؤن چوتھے مرحلہ کیلئے حکومت کو عوام کی جانب سے پانچ لاکھ تجاویز و مشورے وصول: چیف منسٹر اروند کجریوال

نئی دہلی، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے عوام لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالس کو جزوی طور پر کھولنے کے حامی ہیں تاہم انہوں نے سماجی فاصلہ کی پابندی اور لاک ڈاؤن کے قواعد پر سختی سے عمل آوری پر بھی زور دیا ہے۔ چیف منسٹر کجریوال دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل آوری کر رہے ہیں۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے جمعرات کو بتایا کہ دہلی میں لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کے سلسلے میں تقریبا پانچ لاکھ مشورہ موصول ہوئے ہیں اور ان پر لفٹننٹ گورنر اور ماہرین سے مشورے کے بعد انہیں حکومت کو بھیجا جائے گا۔وزیراعظم نریندرمودی کی سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ 12 مئی کو چھ گھنٹے طویل میٹنگ کے دوران جس میں کرونا وائرس کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کو نفاذ کرنے پر بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلی نے لاک ڈاؤن بڑھانے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ وزرائے اعلی سے 15 مئی تک مشورے طلب کئے گئے تھے ۔ اس کے بعد مسٹر کجریوال نے 13 مئی تک دہلی کے لوگوں سے مشورہ طلب کئے تھے کہ وہ لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے میں کیا رعایت چاہتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کا تیسرا مرحلہ 17 مئی کو ختم ہورہا ہے ۔مسٹر کجریوال نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میڈیا کو بتایا کہ لاک ڈاؤن۔4 کے لئے حکومت کو 5.48 لاکھ مشورے موصول ہوئے ہیں اور ان پر اب ماہرین سے مشورہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ‘‘دہلی والو! دہلی میں لاک ڈاؤن میں کتنی ڈھیل دی جائے اس پر اپنے مشورہ دینے کے لئے بہت بہت شکریہ، پانچ لاکھ سے زیادہ مشورے موصول ہوئے ہیں،

آپ کے مشوروں کی بنیاد پر ہم مرکزی حکومت کو دہلی سے متعلق تجویز بھیجیں گے کہ لاک ڈاؤن میں کتنی ڈھیل دی جانی چاہئے ، اس سلسلے میں عوام سے مشورہ طلب کیا گیا تھا، ہم نے طے کیا ہے کہ اس کا فیصلہ ائر کنڈیشن کمروں میں بیٹھ کر نہیں کریں گے اس لئے ہم نے عوام سے مشورہ طلب کیا تھا۔ کجریوال کاکہنا ہے کہ ریسٹورانٹ کو کھولا جاسکتاہے تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہیر کٹنگ سیلون ، اسپا ، سینما ہالس اور سوئمنگ پولس کو بند رکھنے پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے ۔ کجریوال نے بتایا کہ دہلی میں تاحال 7,998 کورونا وائرس کے کیسس کی رپورٹ ہے۔ اس وباء سے اب تک 106 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 2858 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت کی جانب سے اس وباء پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کورونا وائرس کی وباء کے بعد ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کے بعد مزدوروں کی اپنے آبائی مقامات کو واپسی تمام ریاستوں کیلئے سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اس سے دہلی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اروند کجریوال نے دیگر ریاستوں کے دہلی میں مقام مزدوروں سے قبل ازیں یہ اپیل کی تھی کہ وہ دہلی چھوڑ کر نہ جائیں۔ انہوں نے ان مزدوروں کو مناسب کام اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا بھی تیقن دیا تھا۔ اروند کجریوال نے جانے والے مزدوروں کیلئے حکومت کی جانب سے انتظامات کا بھی یقین دلایا۔