G20 اجلاس سے قبل خالصتان حامیوں کی حرکت، پولیس کی سخت چوکسی
نئی دہلی: دہلی میں ستمبر میں جی۔20 سربراہی اجلاس سے قبل خالصتانیوں کی حرکت منظر عام پر آئی ہے۔ دہلی میٹرو کے پانچ مختلف اسٹیشنوں پر ملک مخالف نعرے لکھے گئے ہیں۔ دہلی پولیس نے اس معاملے میں کارروائی شروع کر دی ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق دہلی کے 5 سے زیادہ میٹرو اسٹیشنوں کی دیواروں پر نعرے لکھے گئے ہیں۔ دہلی کے مہاراجہ سورجمل اسٹیڈیم میٹرو اسٹیشن کی دیوار پر بھی خالصتان کے حق میں نعرے لکھے پائے گئے۔ اطلاع ملتے ہی دہلی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور انہیں دیوار سے مٹادیا۔ دہلی پولیس کے مطابق جی۔20 سربراہی اجلاس سے قبل سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے دہلی میٹرو اسٹیشنوں کی فوٹیج جاری کی ہے۔ ان پر خالصتان کے حق میں نعرے درج ہیں۔ ایس ایف جے کارکنوں کو شیواجی پارک سے پنجابی باغ تک دہلی کے کئی میٹرو اسٹیشنوں پر خالصتان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اسٹیشنوں پر ’دہلی بنے گا خالصتان‘ اور ’خالصتان زندہ باد‘ لکھا گیا ہے۔ملک کے دارالحکومت دہلی میں اگلے مہینے جی۔20 چوٹی کانفرنس ہونے والی ہے ، جس کی تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ اس درمیان خالصتان حامیوں نے قومی راجدھانی میں ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ اتوار کو دہلی کے میٹرو اسٹیشنوں اور آس پاس کے علاقوں میں متنازعہ خالصتان حامی نعرے نظر آئے۔ موصولہ معلومات کے مطابق دہلی بنے گا خالصتان اور خالصتان ریفرینڈم زندہ آباد جیسے نعرے دہلی میٹرو اسٹیشن کی دیواروں پر اسپرے پینٹ کے ذریعے لکھے ہوئے تھے۔ دہلی پولیس نے کہا کہ معاملہ کی جانچ چل رہی ہے اور اس حرکت کے پیچھے شامل عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ میڈیاذرائع نے بتایا کہ دہلی پولیس اس کے لئے ذمہ دار افراد کا پتہ لگانے کیلئے ان میٹرو اسٹیشنوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے، جہاں نعرے لکھے گئے تھے۔ اس سلسلہ میں مدد کیلئے سی آئی ایس ایف عہدیداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ دیواروں پر نعرے لکھے ہونے کی خبر ملتے ہی جائے واقعہ پر پہنچی دہلی پولیس نے دیواروں کو صاف کرا دیا ہے۔