عوام نے نفرت کا ایجنڈہ مسترد کردیا، محمد علی شبیر کا ردعمل
حیدرآباد ۔12۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے نئی دہلی کے عوام کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے نفرت اور فرقہ پرستی کی سیاست کو مسترد کردیا۔ ٹوئیٹر پر اپنے پیام میں محمد علی شبیر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو نئی دہلی اسمبلی انتخابات میں شرمناک شکست ہوئی ہے۔ جو اپنی نفرت پر مبنی تقاریر کے ذریعہ عوام کو بی جے پی کے حق میں ہموار کرنے کی کوشش کی ۔ محمد علی شبیر نے اروند کجریوال اور عام آدمی پارٹی قائدین کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں کامیابی کے لئے بی جے پی کے فرقہ پرست ایجنڈہ پر عمل کیا ۔ دستور اور قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وزراء نے زہریلی تقاریر کرتے ہوئے رائے دہندوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ مرکزی وزراء اور مختلف چیف منسٹرس کی اشتعال انگیز تقاریر کا دہلی کے عوام نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انتخابی نتائج سے یہ بات واضح ہوگئی کہ ملک بدل رہا ہے اور عوام بی جے پی کے فرقہ پرست ایجنڈہ کو مستقبل میں بھی مسترد کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کی شکست دراصل ملک میں بی جے پی کے زوال کا آغاز ہے۔ نئی دہلی کے عوام کا فیصلہ ملک کے دیگر علاقوں کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار اور مغربی بنگال کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی شکست سے دوچار ہوگی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ملک کے عوام جمہوریت اور دستور کے تحفظ کے لئے کمربستہ ہوچکے ہیں اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ ہوگا۔
نعتیہ محفل و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( راست ) : اہل سنت و الجماعت سیرت کمیٹی تلنگانہ کے زیر اہتمام نعتیہ محفل و مشاعرہ 13 فروری کو بعد نماز مغرب تا 11 بجے ڈائمنڈ جوبلی ہائی اسکول نظام کالونی ٹولی چوکی میں منعقد ہوگی ۔ نگرانی و صدارت الحاج محمد رحیم اللہ خاں نیازی صدر سیرت کمیٹی و سابق صدر نشین اردو اکیڈیمی اے پی کریں گے ۔ مہمان خصوصی جناب بابا فصیح الدین ڈپٹی مئیر جی ایچ ایم سی ،جناب محمد قمر الدین صدر نشین اقلیتی کمیشن ، جناب محمد اکبر حسین صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ، جناب قیوم انور چیف ایڈیٹر ٹی نیوز تلنگانہ ہوں گے ۔ نعت گو شعراء کرام نعت خواں حصہ لیں گے ۔۔