نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منی پور کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کم از کم انہیں امن ہی کی اپیل کرنی چاہیے تھی دہلی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوسرے دن منی پور پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ منی پور میں 4 ہزارگھر جلائے گئے، 60 ہزار لوگ بے گھر ہوئے، 150 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی، 300 سے زیادہ مذہبی مقامات جلائے گئے۔ آسام رائفلز اور منی پور پولیس کے درمیان فائرنگ ہوئی لیکن وزیر اعظم خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایم ایل اے کہہ رہے ہیں کہ منی پور ان کے لئے معنی نہیں رکھتا اور اسمبلی چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خواتین کے ساتھ ظلم ہوا تب بھی وزیراعظم خاموش رہے۔ دوسری طرف منی پور کے وزیر اعلیٰ کہہ رہے ہیں کہ وہاں یہ ہر روز ہو رہا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم بیٹیوں کے لیے باپ کی طرح ہیں۔ اگر باپ منہ موڑ لے تو بیٹیاں کہاں جائیں گی۔