ای ڈی کی کارروائی ۔ ہماچل انتخابات سے روکنے گرفتار کیا گیا ، سسوڈیا کا ردعمل
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر کو دہلی کے وزیر صحت اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر ستیندر جین کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جین کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت کولکاتہ کی ایک کمپنی سے جڑے حوالہ لین دین کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا۔ان کی گرفتاری ایک مہینے کے بعد ہوئی ہے جب مالی تحقیقاتی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں جین کی ملکیت اورزیر کنٹرول کمپنیوںکے 4.81 کروڑ روپئے کے اثاثے ضبط کیے تھے۔ای ڈی نے 2018 میں اس معاملے میں شکور بستی کے اے اے پی ایم ایل اے سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔ جین اروند کیجریوال کی قیادت والی حکومت میں صحت، بجلی، گھر، پی ڈبلیو ڈی، صنعت، شہری ترقی، سیلاب، آبپاشی اور پانی کے وزیر ہیں۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے پیر کو بی جے پی پر وزیر صحت ستیندر جین کو ہماچل پردیش کے انتخابات لڑنے سے روکنے کیلئے گرفتار کرنے کا الزام لگایا۔ سسودیا نے ٹویٹ کیا کہ ستیندر جین کے خلاف آٹھ سال سے فرضی مقدمہ چل رہا ہے۔ اب تک کئی بار ای ڈی کو ستیندر کو بلا چکا ہے۔ اس درمیان ای ڈی نے کئی سال تک فون کرنا بند کر دیا کیونکہ انہیں کچھ نہیں ملا۔ اب دوبارہ شروع ہوا کیونکہ ستیندر جین ہماچل کے الیکشن انچارج ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہماچل میں بری طرح ہار رہی ہے۔ اسی لیے ستیندر جین کو آج گرفتار کیا گیا ہے تاکہ وہ ہماچل نہ جا سکیں۔