دہلی کے ہاسپٹل میں آتشزدگی ، 7نومولودبچے ہلاک،ہاسپٹل کا مالک گرفتار

,

   

نئی دہلی: مشرقی دہلی کے وویک وہار علاقے میں بچوں کے ہاسپٹل میں ہفتہ کی رات زبردست آگ لگ گئی۔ حادثے میں 7 نومولود ہلاک ہو گئے۔ دہلی فائر سرویس نے کہا کہ انہیں رات 12بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی ۔ایک اہلکار نے بتایا کہ 12 نوزائیدہ بچوں کو بچا لیا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے 7 کی موت ہو گئی اور پانچ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ اس دوران ڈی ایف ایس کے سربراہ اتل گرگ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔اتل گرگ نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع وویک وہار علاقے کے بلاک بی کے آئی ٹی آئی کے قریب بیبی کیئر سنٹر سے ملی تھی۔ نوزائیدہ بچوں کو ایمبولینس کے ذریعے مشرقی دہلی کے ایڈوانسڈ این آئی سی یو ہاسپٹل علاج کے لیے لے جایا گیا۔ایک اہلکار کے مطابق اسپتال میں آگ 11.32 بجے لگی۔ فائر بریگیڈ کے عملے کا کہنا تھا کہ جس عمارت میں ہاسپٹل چل رہا تھا ا س کے قریبی رہائشی عمارتیں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پالیا۔ دہلی پولیس کے مطابق ہاسپٹل کا مالک نوین کچی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ اسی دوران صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی حادثہ پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے ۔