نئی دہلی: ایتھوپیا کے رنرز نے دہلی ہاف میراتھن کے 16 ویں ایڈیشن میں ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے خطابی ڈبل اپنے نام کرلیا۔ اتوار کو جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ اس پروقار ہاف میراتھن میں ایتھوپیا کے ایم ڈیورک ویلے لیگن نے مردوں کا خطاب اپنے نام کیا جبکہ ایتھوپیا کی یالم زرف یہوالاو نے خواتین کے زمرے میں دوسری تیز ترین کامیابی حاصل کی۔ کورونا کے دور دہلی ہاف میراتھن کا انعقاد اس کے بعد صرف ایلیٹ انٹرنیشنل اور ہندوستانی رنرز کے ساتھ ہوا۔ اس بار دہلی ہاف میراتھن میں تقریباً 50 رنرز نے حصہ لیا۔ نہرو اسٹیڈیم سے شروع ہوکر نہرو اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی اس دوڑ کی سب سے خاص بات 21 سالہ یہوالاو کی زبردست کارکردگی تھی۔ گذشتہ ماہ ورلڈ ایتھلیٹکس ہاف میراتھن چمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی یہوالاو نے 64 منٹ 46 سیکنڈ میں ریس مکمل کی جو اس ہاف میراتھن کی تاریخ کا دوسرا تیز ترین وقت ہے ۔ انہیں انعامی رقم کے طور پر 27000 ڈالے ملے ۔ اس کے علاوہ انہیں 10000 ڈالر ریکارڈ بونس کے طور پر بھی ملے ۔ خواتین کے زمرے میں کینیا دوسرے اور ایتھوپیا تیسرے نمبر پر رہا۔ مردوں کے زمرے میں ویلے لیگن نے دو بار کے چیمپیئن اور ہم وطن آندملاک بیلہو کو ایک معمولی فرق سے شکست دے کر پہلا مقام حاص کیا ۔ ویے لیگن نے 58 منٹ 53 سیکنڈ میں دوڑ پوری کی جبکہ بیلہو نے 58 منٹ 54 سیکنڈ کا وقت لیا۔ مردوں کے زمرے میں ایتھوپیا دوسرے اور یوگاڈا تیسرے نمبر پر رہا۔
ویلے لیگن کو 27 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملی۔ ہندوستان کے اویناش سابلے نے 60 منٹ 30 سیکنڈ کا شاندار وقت نکالا اور قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے مردوں کے زمرے میں 10 ویں نمبر پر رہے ۔ اویناش ہندوستانیوں میں فاتح بنے ۔ انہیں ہندوستانیوں میں فاتح ہونے پر ساڑھے تین لاکھ روپے کی انعامی رقم اور ایک لاکھ روپے کا ریکارڈ بونس ملا۔