دہلی یونیورسٹی میں کنٹراکٹ پر ٹیچروں کے تقرر کیخلاف احتجاجی ریالی

   

نئی دہلی17جنوری(سیاست ڈاٹ کام) دہلی یونیورسٹی کی اکاڈمک کونسل نے چہارشنبہ کی آدھی رات کے بعد ٹیچروں کی سخت مخالفت کے باوجود کنٹراکٹ پر ٹیچروں کی تقرری کے التزام کو منظوری دے دی ہے ۔اس کے خلاف سینکڑوں ٹیچرجمعرات کو سڑک پراتر آئے اور انہوں نے یہاں لمبی ریلی نکالی۔کونسل کے رکن اور دہلی یونیورسٹی میں کامرس کے پروفیسرپردیپ کمار نے میڈیا کو بتایا کہ چہارشنبہ کی صبح 11بجے سے شروع ہوئے اکاڈمک کونسل کی میٹنگ رات ایک بجے تک چلی۔اس میٹنگ میں سبھی منتخب اراکین نے اس تجویز کی جم کر مخالفت کی اور ہم لوگ ویل میں بھی بیٹھے رہے۔جب تجویز پاس ہوئی تو ہم لوگوں نے اس کے خلاف واک آؤٹ بھی کیا۔ٹیچروں کی لیڈر اور مرانڈا ہاؤس میں طبیعیات کی پروفیسرآبھا دیو حبیب نے کہا کہ اب 18تاریخ کو ایگزیکٹو کونسل کی میٹنگ ہے جس میں اگر اس تجویز کو منظوریر مل گئی تو ہماری یونیورسٹی میں کنٹراکٹ پر ٹیچروں کی تقرری کی روایت شروع ہوجائے گی۔اس کی مخالفت میں ہمیں آج سڑکوں پر اترنا پڑا۔