نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے اسکول آف اوپن لرننگ (SOL) کے بی اے (آنرز) کے پہلے سال کے پولیٹیکل سائنس کے ایک 19 سالہ طالب علم کو آریہ بھٹہ کالج کے باہر تین افراد نے مبینہ طور پر چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ دہلی پولیس نے اتوار کو بتایا کہ انہیں چرک پالیکا اسپتال سے اس واقعہ کے حوالے سے کال موصول ہوا۔ فون کرنے والے نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک طالب علم کو سینے پر چھریوں کے شدید زخموں کے ساتھ ہاسپٹل میں لایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پوچھ تاچھ پر پولیس کو معلوم ہوا کہ تقریباً سات دن پہلے ایس او ایل کے ایک طالب علم نے کالج میں نکھل کی گرل فرینڈ کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔افسر نے بتایا کہ آج تقریباً 12.30 بجے وہی طالب علم جس نے نکھل کی گرل فرینڈ کے ساتھ بدسلوکی کی تھی، نکھل کو اپنے تین دوستوں کے ساتھ کالج کے گیٹ کے باہر ملا اور اس کے سینے میں چھرا گھونپ دیا۔ پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ملزمین فرار ہیں۔