نئی دہلی۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی یونیورسٹی کے 85 فیصد طلبہ کورونا بحران میں آن لائن امتحان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں کیونکہ ان کے پاس لیپٹاپ، فون یا انٹرنیٹ نہیں ہے اور اگر ہے تو دور دراز کے علاقوں میں نیٹ ٹھیک سے کام نہیں کرتا۔ دہلی یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے 48 گھنٹے کے اندر کروائے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے ۔ اس سروے میں 51 ہزار سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا۔ ٹیچرس اسوسی ایشن کے چیئرمین راجیو رائے ، سکریٹری راجیندر سنگھ، آبھا دیو حبیب، آلوک رنجن پانڈے اور پریم چند نے منگل کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اس سروے کے نتائج کی معلومات دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے سبب موجودہ صورتحال میں 90 فیصد طلبہ امتحان دینے کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں ہیں۔ ان ٹیچرس رہنماؤں نے کہا کہ 50 فیصد طلبہ دہلی کے باہر کے ہیں اور وہ سیمیسٹر بریک میں ہی گھر چلے گئے تھے ۔ ان کے پاس کتابیں نہیں، اسٹڈی میٹیریل نہیں یا ای میٹریل نہیں۔ آن لائن کلاس بھی نہیں کر پائے کیونکہ سب کے پاس یہ سہولت نہیں تھی۔ لاک ڈاؤن کے سبب وہ پھنس گئے اور واپس آنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہیں۔