دہلی ۔ دوحہ قطر ایئرویز فلائیٹ کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

   

نئی دہلی : نئی دہلی سے دوحہ جانے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کے ’کارگو ہولڈ میں دھواں اٹھنے‘ کے بعد اسے پاکستان کے شہر کراچی میں ہنگامی طور پر اتارا گیا ہے۔پاکستان میں سیول ایوی ایشن کے ترجمان سیف اللہ کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح 6:30 بجے قطر ایئر ویز کی پرواز QR579 میں فائر الارم بجا اور اس کے بعد طیارے کو کراچی میں اچانک لینڈ کیا گیا۔ آگ بجھانے والی گاڑیاں رن وے پر پہنچیں اور مسافروں کو محفوظ طریقے سے اُتارا گیا۔ طیارے سے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اس میں آگ لگی یا اسے نقصان پہنچا ۔ یہ تکنیکی مسئلہ معلوم ہوتا ہے ۔ کپتان نے اس کی مکمل انسپیکشن اور مزید پرواز نہ بھرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد مسافروں کو لاؤنج میں بٹھا دیا گیا ہے۔ قطر ایئر ویز کے بیان کے مطابق کیپٹن پائلیٹ نے کارگو ہولڈ میں دھواں دیکھا تو ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ کسی بھی مسافر یا رکن عملہ کو نقصان نہیں ہوا ۔ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ مسافروں کیلئے متبادل پرواز کا انتظام کیا جارہا ہے ۔