دہلی :3 منزلہ عمارت میں آتشزدگی ، 9 افرادہلاک

   

چھ ماہ کی شیرخوار بھی شامل ۔ ورثاء کو فی کس 10 لاکھ معاوضہ کا اعلان
نئی دہلی 23 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے کراری علاقہ میں آج تین منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی جس میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے جن میں بچے شامل ہیں۔ عمارت میں بعض تجارتی ادارے بھی تھے ۔ فائر سرویس نے بتایا کہ 12:30 بجے دن آتشزدگی سے متعلق اطلاع پر 8فائر انجنوں کو روانہ کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ گراؤنڈ فلور پر کپڑوں کا گودام تھا جبکہ تینوں فلورس رہائشی تھے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دن میں 3:50 بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں شمالی دہلی کے گنجان علاقہ اناج منڈی کی ایک چار منزلہ عمارت میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں (43) افراد کی موت ہوگئی تھی ۔ عمارت میں غیرقانونی مینوفیکچرنگ یونٹس چلائے جارہے تھے۔ آج پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں تین افراد کو بچالیا گیا ہے ۔ (24) سالہ پوجا نامی خاتون نے اپنی دو لڑکیوں (10) سالہ سیما اور تین سالہ ارادھیا کے ساتھ اپنی جان بچانے کیلئے متصل عمارت میں چھلانگ لگادی ۔ دہلی حکومت نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس دس لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔ عمارت میں فائر سیفٹی کے آلات موجود نہیں تھے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ سکنڈ فلور پر سلینڈر دھماکہ کے باعث عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا ہے ۔ آتشزدگی کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں۔