نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں لوک سبھا کی کارروائی پر تعطل پیر کو ختم ہوگیا۔ آج دو بار ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی پہل پر کانگریس کے چار ارکان پارلیمنٹ کی معطلی واپس لے لی گئی ہے۔ سپیکر نے اپوزیشن ارکان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پوسٹرز کے ساتھ ایوان میں نہ آئیں۔ تعطل ختم ہونے کے بعد لوک سبھا میں مہنگائی کا مسئلہ زیر بحث ہے۔ اس دوران اپوزیشن اراکین اسمبلی نے قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر حکومت کو شدید نشانہ بنایا۔ بحث کے آغاز میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح پچھلے 14 مہینوں سے دوہرے ہندسے میں ہے۔ یہ 30 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ کنزیومر فوڈ پرائس انڈیکس آسمان کو چھو رہا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے چاول، دہی، پنیر اور پنسل اور شارپنرز پر بھی جی ایس ٹی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت بچوں کو بھی نہیں بخش رہی ہے۔