2023 بیاچ کے ٹرینی آئی پی ایس عہدیداروں کی جشنو دیو ورما سے راج بھون میں ملاقات
حیدرآباد ۔28۔نومبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے 2023 بیاچ کے تلنگانہ کو الاٹ کردہ آئی پی ایس ٹرینی عہدیداروں سے راج بھون میں ملاقات کی۔ ٹرینی آئی پی ایس عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کو عام آدمی کے مسائل سے بخوبی واقف ہونے کے لئے بہتر روابط استوار کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر عوام کے درمیان رہنے کے نتیجہ میں مسائل سے واقفیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نظم و نسق کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہوتا ہے ۔ گورنر نے ٹرینی عہدیداروں کو تلقین کی کہ وہ اپنی خدمات کی انجام دہی میں دیانتداری ، بیباکی اور سنجیدگی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر میں کئی چیلنجس کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن بہتر کارکردگی کے عزم کے ذریعہ ان سے نمٹا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سماج کی تشکیل میں پولیس عہدیدار اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ کے لئے الاٹ کئے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں کارکردگی کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ ڈائرکٹر راج بہادر وینکٹ رام ریڈی تلنگانہ پولیس اکیڈیمی شریمتی ابھیلاش بشٹ آئی پی ایس نے ٹرینی آئی پی ایس عہدیداروں کا گورنر سے تعارف کرایا ۔ گورنر نے اس موقع پر آئی پی ایس عہدیداروں کو بہتر کارکردگی کے مختلف اصولوں سے واقف کرایا۔ 1