کولکتہ میںانتخابی ر یالی سے خطاب۔ فلم اسٹار متھن چکرورتی کی وزیر اعظم کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت
کولکتہ :وزیر عظم نریندر مودی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں آپ نے خاموشی سے کمل نشان سے کمال کیا۔ آپ کے ایک ووٹ کی طاقت کشمیر سے لے کر ایودھیا تک نے دیکھی ہے۔ وزیر اعظم نے کولکتہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہئے ممتا بنرجی پر جم کر تنقید کی ۔ کولکاتہ کے بریگیڈ پریڈ گراونڈ میں بی جے پی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بنگال کے عوام نے ممتا دیدی پر بھروسہ کیا تھا ، لیکن دیدی اور ان کے کیڈر نے یہ بھروسہ توڑ دیا۔ ان لوگوں نے بنگال کا اعتماد توڑا ہے۔ بنگال کی بے عزتی کی ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بی جے پی کے قیام کی بنیاد میں بنگالی فکر ہے۔ بی جے پی وہ پارٹی ہے ، جس کے قیام کی ترغیب بنگال کے عظیم سپوت ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی ہیں۔ بی جے پی وہ پارٹی ہے ، جس کے نظریہ میں بنگال کی مہک ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ مجھے کیا کیا نہیں کہا گیا۔ کبھی راون کہا گیا ، کبھی دانو تو کبھی غنڈہ کہا گیا۔ دیدی اتنا غصہ کیوں ؟۔ ٹی ایم سی سرکار پر نشانہ سادھتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آپ نے لوگوں کی محنت کی کمائی سے اور لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا ہے۔ آپ نے چائے کے باغات پر تالا لگا دیا۔ ریاست کو قرض میں ڈبودیا۔ آپ نے نوجوانوں سے ان کے حق کی نوکری اور ان کی تنخواہ تک چھین لی۔ اب یہ نہیں چلے گا۔ اب یہ کھیل نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا نے پوری دنیا میں سب کو پریشان کیا ، لیکن میرے یہ غریب دوست ہی تھی ، جو بہت پریشان ہوئے۔ جب کورونا آیا تو میں نے اپنے ہر دوست کو مفت میں راشن دیا۔ مفت گیس سلینڈر دیا اور کروڑوں روپے بینک کھاتے میں جمع کروائے۔ دنیا میں کورونا ویکسین اتنی مہنگی ہے ، لیکن میں نے اپنے دوستوں کیلئے سرکاری اسپتال میں مفت میں ٹیکہ لگانے کا انتظام کیا۔وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ بنگال کے چائے والے اور یہاں کے ٹی گارڈنس میں کام کرنے والے ہمارے بھائی بہن تو میرے خاص دوست ہیں۔ میرے ایسے کاموں سے ان کی بھی مختلف پریشانیاں کم ہورہی ہیں۔ ہماری سرکار کی کوششوں سے میرے ان چائے والے دوستوں کو سوشل سیکورٹی اسکیم کا بھی فائدہ ملنا طے ہوا ہے۔
’’میں پانی کا سانپ نہیں کوبرا ہوں!‘‘ متھن چکرورتی
کولکاتا: بنگال کے اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے لیے بنگال دورے پر پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کولکاتا کے بریگیڈ پریڈ میدان پر جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ میں معروف اداکار متھن چکرورتی نے بھی شرکت کی۔ اس دوران متھن نے بی جے پی میں شمولیات اختیار کر لی۔متھن چکروتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ عام سے خطاب سے کافی دیر پہلے بریگیڈ میدان پہنچ گئے اور ان کی موجودگی میں ہی وزیر اعظم مودی نے لوگوں سے خطاب کیا۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بریگیڈ پریڈ میدان میں متھن چکروری نے کہا، ’’کوئی آپ کا حق چھینے گا تو ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔‘‘متھن نے کہا، ’’آج کا دن میرے لیے خواب کی طرح ہے۔ اتنے بڑے لیڈران کے ساتھ میں اسٹیج کا اشتراک کروں گا، یہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا۔‘‘ ممتا بنرجی کا نام لیے بغیر باہری بمقابلہ بھیتری کا جواب دیتے ہوئے متھن چکروتی نے کہا کہ بنگال میں رہنے والا ہر کوئی بنگالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’میں غریبوں کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں۔ غریبوں کے لیے کام کرنا میرا خواب ہے۔ میں جو بولتا ہوں وہ کرتا ہوں، میں پانی کا سانپ نہیں کوبرا ہوں۔‘‘متھن چکروری نے گزشتہ 16 فروری کو ممبئی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کی تھی۔ جس کے بعد ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کے حوالہ سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ اب وزیر اعظم مودی کی ریلی میں ان کے ساتھ اسٹیج پر شریک ہونے کے ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی کا دامن بھی تھام لیا۔متھن چکروتی کے بی جے پی میں شمولیت کے بعد یہ صاف ہو گیا ہے کہ وہ پارٹی کے حق میں تشہیر بھی کریں گے۔ متھن چکرورتی کے سیاسی سفر کی یہ دوسری اننگ شروع ہوئی ہے، اس سے قبل وہ ترنمول کانگریس کے کوٹے سے اپریل 2014 میں راجیہ سبھا بھیجے گئے تھے۔