دیشاکیس: چار ملزمین کی نعشوں کا دوبارہ پوسٹ مارٹم

   

گاندھی ہاسپٹل میں دہلی کے فارنسک ماہرین کیلئے علحدہ کیبن
حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) ویٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے بعد نعش کو جلانے کے بہمانہ واقعہ کے چار مہلوک ملزمین کی شہر کے دواخانہ میں محفوظ نعشوں کا دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس( ایمس) سائنس کے فارنسک ماہرین کی ٹیم کی طرف سے پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے ۔ ایمس کے فارنسک ماہرین کیلئے گاندھی ہاسپٹل میں ایک علحدہ کیبن فراہم کی گئی ہے ، جہاں وہ پوسٹ مارٹم کررہے ہیں اور اس عمل کی ویڈیو گرافی کی جارہی ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پی شراون کمار نے کہاکہ ہائیکورٹ کی ہدایت پر دوسری مرتبہ دکئے جانے والے پوسٹ مارٹم کے آغاز سے قبل دہلی کے فارنسک ماہرین نے انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے ملزمین کے ورثاء سے بات چیت کی اور ان کے بیانات قلمبند کیا ۔اس موقع پر پولیس کی طرف سے وسیع تر سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔واضح رہے کہ چٹان پلی میں مقام واردات کے قریب 6ڈسمبر کو پولیس ٹیم پر حملہ کے بعد ان چاروںملزمین کا انکاؤنٹر کیا گیا تھا ۔