دیشاکے خاطیوں کو بہت قریب سے گولی ماری گئی تھی

   

حیدرآباد ۔ 9ستمبر ( سیاست نیوز) شاد نگر انکاؤنٹر میں ہلاک دیشا کے خاطیوں پر قریبی فاصلہ سے گولی چلائی گئی ۔ خاطیوں کی گرفتاری کے بعد انہیں مقام پر جرم کے تمثیلی اعادہ کیلئے جب لے جایا گیا ، اس وقت انکاؤنٹر پیش آیا تھا جس میں دیشا کے 4 خاطی ہلاک ہوگئے اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ دیشا کے خاطیوں کو بہت قریبی فاصلہ سے گولی چلائی گئی اور گولیاں سینہ اور پیٹ پر لگی ۔ پولیس کی فائرنگ میں خاطی عارف ، چنا کیشولو، شیوا اور نوین ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ان چاروں میں دونوں کے ہاتھ ہتھیار تھے جو پولیس سے چھینے گئے اور پولیس پر فائرنگ کی گئی تھی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عارف کے جسم سے 4 اور شیوا اور نوین کے جسم سے فی کس دو اور چنا کیشولو کے جسم سے تین گولیاں حاصل کی گئی ۔پولیس نے انکاؤنٹر کے مقام پر میٹل ڈیکٹیر کے ذریعہ بھی جانچ کی اور مشتملہ کارتوسوں کے کھوکے برآمد ہوئے ۔ اس مسئلہ پر ہائیکورٹ کے ججوں نے خصوصی نوٹ لیا ہے۔