دیشا انکاؤنٹر تحقیقاتی کمیٹی کی میعاد میں 6 ماہ کی توسیع سپریم کورٹ کے سہ رکنی بنچ کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔ سپریم کورٹ نے حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں دیشا عصمت ریزی و انکاؤنٹر معاملہ کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو مزید 6 ماہ کی توسیع دی ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس وی ایس سرپورکر کمیٹی انکاؤنٹر اور اس کے متعلق معاملات کی جانچ کیلئے تشکیل دی گئی ہے۔ چیف جسٹس اروند بوبڈے کی زیر قیادت سہ رکنی بنچ نے کمیٹی کی میعاد میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی ۔ کورٹ نے 2019 عصمت ریزی اور قتل کے معاملہ میں ملوث 4 ملزمین کے انکاؤنٹر میں پولیس اختیارات کے بیجا استعمال کی شکایت پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ 27 نومبر کو دیشا کو اجتماعی عصمت ریزی کے بعد قتل کرکے نعش نذر آتش کردی گئی تھی۔ پولیس سائبرآباد نے واقعہ کے سلسلہ میں گرفتار محمد عارف، نوین، شیوا اور چنا کیشولو کو چند دن بعد تحقیقات کے دوران انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا۔ انکاؤنٹر کو فرضی قرار دے کر رضاکارانہ تنظیموں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔