حیدرآباد ۔ /4 ڈسمبر (سیاست نیوز) محبوب نگر کی ایک مقامی عدالت نے دشا قتل کیس میں ملوث چار خاطیوں کی 7 دن کی پولیس تحویل منظور کرلی ہے ۔ جمعرات کو سائبرآباد پولیس چرلہ پلی سے ملزمین کو اپنے تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کرے گی ۔ دشا قتل کیس میں گرفتاری کے بعد خاطیوں کو چرلہ پلی سنٹرل جیل میں 14 دن کیلئے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا تھا اور پولیس نے ملزمین کی مزید تفتیش کرنے کیلئے عدالت سے رجوع ہوکر 10 دن کی پولیس تحویل کیلئے درخواست داخل کی تھی ۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد آج 7 دن کی پولیس تحویل منظور کی ہے ۔ شادنگر پولیس اس کیس کی تحقیقات میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے خاطیوں کو یقینی طور پر سزاء دلانے کیلئے ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے اور اہم شواہد کو اکٹھا کیا جارہا ہے تاکہ ملزمین کے خلاف سخت سے سخت چارج شیٹ تیار کی جاسکے ۔ حالانکہ شادنگر پولیس نے خاطیوں کی پولیس تحویل حاصل کرنے میں کامیابی تو حاصل کرلی ہے لیکن ملزمین کی سکیورٹی کے مسئلہ کے پیش نظر وہ پس و پیش کا شکار ہے ۔ واضح رہے کہ خاطیوں کی گرفتاری اور جیل منتقلی کے دوران شادنگر میں مقامی عوام نے زبردست احتجاج کیا تھا اور پولیس کو حالات قابو میں لانے کیلئے لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا ۔ پولیس خفیہ مقام پر رکھ کر ان کی تفتیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔