حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) سائبر آباد میں دیشا قتل ملزمین کے انکاؤنٹر کی جانچ میں تیزی آچکی ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل شدہ تحقیقاتی کمیشن نے انکاؤنٹر کے مقام کا پنچنامہ کرنے والے تحصیلداروں سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ پولیس انکاؤنٹر میں 4 ملزمین کی موت واقع ہوئی تھی۔ فاروق نگر کندرگ، کتور اور کیشم پیٹ سے تعلق رکھنے والے 4 تحصیلداروں سے کمیشن نے پوچھ تاچھ کی۔ کمیشن نے چاروں تحصیلداروں سے علحدہ علحدہ طور پر انکاؤنٹر کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کیں۔ پنچنامہ کے موقع پر اختیار کئے جانے والے قواعد و ضوابط کے بارے میں تحصیلداروں سے سوالات کئے گئے۔ پنچنامہ کے سلسلہ میں سپریم کورٹ نے جو رہنمایانہ خطوط مرتب کئے ہیں اس پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔