کوئی اہم سراغ ہنوز عدم دستیاب، حقائق کا پتہ چلانے پولیس کو شاں
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی ، چیوڑلہ منڈل کے تنگڈپلی برج کے نیچے گزشتہ دن دیشا نوعیت کے ایک خاتون سافٹ ویر انجینئر کی مبینہ عصمت ریزی و قتل کردینے کے پیش آئے واقعہ کی تیزی کے ساتھ تحقیقات جاری ہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ مقتول خاتون کا تعلق مہاراشٹرا یا گجرات سے ہوسکتا ہے۔ چیوڑلہ گورنمنٹ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اپنی ابتدائی نوعیت کی رپورٹ دے دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ خاتون کے گلے میں پھانسی ڈال کر ہلاک کرنے کے بعد بڑے پتھر سے سرکو کچل ڈالنے کی کوشش کی گئی تاکہ نعش کی شناخت نہ ہوسکے۔ ڈاکٹروں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ خاتون کے دونوں ہاتھ باندھ دیئے گئے تھے ۔ پولیس نے ناجائز جنسی تعلقات یا خاندانی جھگڑا قتل کی وجہ ہونے سے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیوڑلہ کے اطراف و اکناف علاقوں میں چونکہ کئی ایک ریسارٹس، ، فارم ہاوز پائے جانے کی روشنی میں مقتول خاتون کی عصمت ریزی کئے جانے کے زوایئے سے پولیس اپنی تحقیقات کو جاری رکھے ہوئے ہے تاہم پولیس کو ابھی تک پیش آئے واقعہ کا کوئی اہم سراغ حاصل نہیں ہوا ہے۔ لیکن پولیس بہت جلد اس واقعہ کے حقائق کا پتہ چلانے کیلئے کوشاں دکھائی دے رہی ہے۔