دینی مدارس کو ترقی دینے کیلئے مرکز کی منفرد اسکیم

   

رکن قومی اقلیتی کمیشن کا حیدرآباد میں جائزہ اجلاس،15نکاتی پروگرام پر عمل آوری

حیدرآباد۔/28ڈسمبر، ( سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن کی رکن سیدہ شہزادی نے آج تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ سیدہ شہزادی جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے انہیں قومی اقلیتی کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کی ترقی سے متعلق وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام کے بارے میں اقلیتی اداروں سے تفصیلات حاصل کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، انچارج ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ کے علاوہ اقلیتی فینانس کارپوریشن، اقلیتی کمیشن اور اردو اکیڈیمی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ تلنگانہ میں 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کے سلسلہ میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا گیا۔ رکن قومی اقلیتی کمیشن نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرکزی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی جائے۔ اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے وزیر اعظم کا نیا 15 نکاتی پروگرام ملک بھر کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مرکزی اسکیمات اور اقلیتی بہبود سے متعلق مرکزی فنڈز کے استعمال کے بارے میں وقتاً فوقتاً جائزہ اجلاس منعقد کریں گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے انہیں حکومت کی اسکیمات اور فنڈز کی اجرائی کے بارے میں واقف کرایا۔ رکن قومی اقلیتی کمیشن نے تلنگانہ میں مدارس کو عصری بنانے کیلئے مرکزی حکومت کی اسکیم سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو عصری تعلیم اور ٹیکنیکل ایجوکیشن سے مربوط کرتے ہوئے دیگر اقوام کے ساتھ ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی اسکالر شپ اسکیمات اور فروغ اردو سے متعلق مرکز کی پالیسی سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہ حیدرآباد میں تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گی۔ر