دینی مدارس کے طلبہ کو با اختیار بنانے اردو یونیورسٹی اور اقوام متحدہ آبادی فنڈ کی پہل

   

بہار کے 4 اضلاع میں تجرباتی پراجیکٹ کا آغاز ۔ مانو کی تاریخ کا اہم دن۔ ڈاکٹر اسلم پرویز
حیدرآباد، 11؍ جنوری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج اقوام متحدہ آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے) کے ساتھ ایک اہم شراکت داری کا آغاز کرتے ہوئے بہار کے 4 اضلاع میں دینی مدارس کے نوبالغ طلبہ کے تعلیمی پروگرام (اے ای پی) کے تجرباتی پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ پراجیکٹ میں بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ اور محکمہ تعلیم، حکومت بہار تعاون کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے کانفرنس ہال، عمارت انتظامی میں منعقدہ تقریب کی صدارت کی۔ انہوں نے یو این ایف پی اے کے نمائندے جناب وینکٹیش سرینواسن کے ساتھ دستاویزات کا تبادلہ کیا اور آج کے دن کو اردو یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک اہم دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے وسطانیہ سطح (6 تا 8 جماعت) کے طلبہ کے لیے اس پراجیکٹ کا بیڑہ اٹھاتے ہوئے اردو یونیورسٹی اپنے اغراض و مقاصد کی تکمیل کر رہی ہے۔ اس پراجیکٹ کا مقصد طلبہ کی تربیت، صلاحیت میں اضافہ اور تاحیات اکتساب کی سہولت کی فراہمی ہے۔ ابتدا میں اس پراجیکٹ کی مدت ایک سال ہوگی اور اس کے لیے 1,11,595 امریکی ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ بہارکے 4 اضلاع کشن گنج، ارریہ، پورنیہ اور کٹیہار میں جملہ 757 مدارس کا احاطہ کیا جائے گا۔ پورنیہ ڈویژن میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے۔جناب وینکٹیش سرینواسن نے کہا کہ وہ جلد شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے طلبہ کے لیے ایک پراجیکٹ کی تجویز پیش کریں گے۔ عالمی ادارے کے پٹنہ نمائندہ ڈاکٹر ندیم نور نے کہا کہ ہماری قوم کے بچے اگر بھیک مانگ رہے ہیں یا نہایت کم اجرت پر چھوٹے موٹے کام کر رہے ہیں تو یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس صورت حال کو بدلیں۔ انہوں نے دینی مدارس کے اس تعلیمی پراجیکٹ کو قومی تعمیر سے تعبیر کیا ۔ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار مانو نے اس پراجیکٹ کو ایک قومی مشن قرار دیتے ہوئے اسے یونیورسٹی مینڈیٹ کے عین مطابق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج محض خواندگی کی اہمیت نہیں ہے بلکہ اس سے آگے بڑھ کر تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔طلبہ میں سوال پوچھنے کے فن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ایم وناجا ، پراجیکٹ رابطہ کار نے استقبالیہ کلمات کہے اور نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ کوآرڈینیٹر پروفیسر فیض احمد، (دربھنگہ) نے کلمات تشکر ادا کیے۔ اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اساتذہ پروفیسر اعجاز مسیح اور پروفیسر ارشد کے علاوہ بہار مدرسہ تعلیمی بورڈ کے اکیڈمک آفیسر اور انسپکٹر ڈاکٹر نور الاسلام اور جناب ریاض الدین کے علاوہ یو این ایف پی اے کی نمائندہ محترمہ نلنی اور جناب قاضی عبدالرب بھی موجود تھیں۔