جامعہ ہمدرد اور شاہین گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ سمینار سے ڈاکٹر عبدالقدیر، ڈاکٹر افشار عالم اور دیگر دانشوروں کا خطاب
بیدر ۔ مدارس کے طلبہ میں کافی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں ۔ اگر انہیں بہتر نظام اور مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ ہر میدان کو فتح کرسکتے ہیں اور اپنی ایک امتیازی شناخت بناسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر ڈاکٹر افشار عالم نے ہمدرد یونیورٹی کے کنونشن ہال میں شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشن اور جامعہ ہمدرد کے اشتراک سے 16 ، 17 مارچ کو منعقدہ قومی سمینار سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مدارس کے نصاب میں اصلاح کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہا کہ عصری تقاضوں سے بے اعتنائی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ممکن نہیں ۔ شاہین گروپ انسٹی ٹیوشنس کے چیرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ شاہین گروپ میں مختلف شہروں کے طلباء و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ، جنہیں اسلامی مزاج کے ساتھ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی مواقع تمام تر سہولیات کے ساتھ فراہم کی جاتی ہیں ۔ جس کے ثمرآور نتائج مل رہے ہیں ۔ یہاں حفاظ اور علماء پر اس طرح محنت کی جاتی ہے کہ وہ دین کے علمبردار بھی ہوتے ہیں اور دنیا کے مسابقتی دور میں بھی پیش پیش رہتے ہیں ۔ واضح رہے کہ جامعہ ہمدرد دہلی اور شاہین گروپس آف انسٹی ٹیوشن کے اشتراک سے ہمدرد یونیورسٹی کے کنونشن ہال میں ہندوستان میں مدارس کا تعلیمی نظام ، مسائل اور مواقع کے تحت دو روزہ قومی سمینار بعنوان نصاب تعلیم و نظام تعلیم منعقد ہوا ۔ جس کے مرکزی موضوع ہندوستانی مدارس کا تعلیمی نظام ، مسائل اور مواقع کے تحت منعقدہ قومی سمینار میں 50 مقالے پڑھے اور خطبات پیش کئے گئے ۔ افتتاحی اجلاس اور اختتامی تقریب کے علاوہ 10 متوازی اور مسلسل سیشن چلے ، جن میں مفتی عبدالماجد ڈائرکٹر شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس تلنگانہ کے بشمول سو منتخب علمائے کرام اساتذہ و پروفیسران ، ماہرین تعلیم و ادارہ ساز شخصیات ، پچاس کے قریب ریسرچ اسکالرز ، ڈین و صدور صاحبان اور پچاس کے قریب دیگر علم و تعلیم دوست ارباب اختیار نے بطور خاص شرکت کی ۔ خطبہ استقبالیہ صدر شعبہ علوم اسلامیہ جامعہ ہمدرد ڈاکٹر ارشد حسین اور ہدیہ تشکر ڈاکٹر محمد احمد نعیمی ( کنوینر ) اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر سید فضل الرحمن ( کنوینر ) نے انجام دئے ۔ مختلف سیشن کی صدارت پروفیسر غلام یحییٰ انجم مصباحی ، مولانا یسین اختر مصباحی ، پروفیسر مہر تاج بیگم ، پروفیسر عبیداللہ فہد ، ڈاکٹر صفیہ عامر اور ڈاکٹر آبرو امان اندرابی ( وغیرہ ) نے کی ۔ جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر افشار عالم کی سرپرستی اور چانسلر ڈاکٹر حماد احمد کی اعزازی میزبانی میں منعقدہ سمینار کے مہمانوں میں مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی شیخ الحدیث جامعہ اشرفیہ مبارک پور ، مفتی مکرم احمد نقشبندی ، ڈاکٹر یسین علی عثمانی بدایونی ، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین ، سید صداقت اللہ حسینی ، ڈاکٹر عبدالسلام جیلانی علی گڑھ ، پروفیسر خواجہ محمد شاہد ، ڈاکٹر عبدالواحد نظیر و ڈاکٹر مشتاق عجاروی جامعہ ملیہ اسلامیہ ، ڈاکٹر کمال احمد فاروقی ، ڈاکٹر محمد سجاد عالم رضوی مصباحی کولکاتا ، پروفیسر اسلم پرویز ، ڈاکٹر محمد افضل حسین مصباحی بنارس ہندو یونیورسٹی اور مولانا محمد ظفر الدین برکاتی مدیر ماہ نامہ کنزالایمان دہلی (وغیرہ ) بطور خاص شریک ہوئے ۔