مواقع ضروری، ورنگل میں تعلیمی شعور بیداری پروگرام سے ڈاکٹر محمد عبدالقدیرکا خطاب
ورنگل : 9 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ڈاکٹر محمد عبدالقدیر چیرمین شاہین انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنس نے کہا کہ مدارس کے طلباء کافی ذہین ہونے کے علاوہ ان میں کافی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں ۔انہیں بہتر نظام اور مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ ہر میدان میں فتح حاصل کرسکتے ہیں اور اپنی ایک امتیازی شناخت بناسکتے ہیں ۔تاج دکن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی ورنگل کے زیر اہتمام مسلم کمیونٹی سنٹر ملگ روڈ ورنگل میں منعقدہ ’ تعلیمی شعور بیداری ‘ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس پروگرام کی صدارت جناب الحاج محمد ابراھیم این آر آئی و صدر سوسائٹی ہذا نے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہین گروپ میں ہندوستان کے مختلف شہروں کے طلباء و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں جنہیں اسلامی مزاج کے ساتھ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی مواقع تمام تر سہولیات کے ساتھ فراہم کی جاتی ہیں جس کے ثمر آور نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔یہاں حفاظ اور علماء پر اس طرح محنت کی جاتی ہے کہ وہ دین کے علمبردار بھی ہوتے ہیں اور دنیا کے مسابقتی دور میں بھی پیش پیش رہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی جو تعلیم کے بجائے شادی اور رسم ورواج پر غیر ضروری روپیہ خرچ کرتے ہیں۔ہمیں اس جانب بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔بیجا اسراف سے بچنے کی ضرورت ہے ۔یہی رقم کو نسلوں کی ترقی میں لگائیں تو کچھ فائدہ ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ تاج دکن سوسائٹی کے اشتراک سے ورنگل میں بھی بہت جلد شاہین انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے حفظ القرآن پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا ۔مسلم نسل کو طاقتور بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے تاج دکن سوسائٹی کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔فائونڈر سوسائٹی ہذا جناب محمد سردار این آر آئی نے ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاج دکن سوسائٹی 2008میں قائم کی گئی جس کا خاص مقصد وقف جائیدادوں کا تحفظ اور تعلیمی اداروں کا قیام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں 19گنٹے اراضی وقف بورڈ کی لیز پر لی گئی ہے جہاں ایک تعلیمی ادارہ قائم کرنے کا اردہ ہے ۔مفتی منہاج قیومی نے بھی مخاطب کیا ۔محمد عبدالکلیم جوائنٹ سکریٹری نے کاروائی چلائی ۔وحید گلشن نے نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔مولانا فصیح الدین نظامی نے دعا کی اورکو فائونڈر و صدر سوسائٹی ہذا محمد سلیم کے ہدیہ تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔اس موقع پر محمد سراج احمد معتمد سوسائٹی ہذا،خازن کرم علی خان ،محمد کلیم سبحان این آر آئی ،ایم صفدر بابا ،اور شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔