دینی مدرسہ کے 4 طلبہ کی دسویں میں کامیابی پر تہنیت کی پیشکشی

   

نظام آباد۔ 14 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ دارالعلوم واقع کوثر علی مسجد، نظام آباد کے چار طلبہ عبدالرؤف، محمد فیض الدین، اویس الدین صدیقی اور شیخ سعادت نے دسویں جماعت میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نظام آباد کے دینی مدارس کیلئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جو دیگر دینی مدارس و درس گاہوں کیلئے قابل تقلید بھی ہے چنانچہ اس سلسلہ میں مدرسہ دارالعلوم و مسجد کوثر علی انتظامی کمیٹی نظام آباد نے حافظ نعیم خان اور دسویں جماعت میں کامیاب چار طلبہ کیلئے تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا ہے جس کی صدارت مرزا نصیر بیگ صدر انتظامی کمیٹی مسجد کوثر علی نے کی۔ اس موقع پر نائب صدور کمیٹی محمد فاروق اور محمد انور اللہ خان نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے ماحول میں دین کے ساتھ ساتھ دنیاوی عصری تعلیم حاصل کرنا دینی مدارس و درسگاہوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے ضروری ہوگیا ہے۔ مرزا نصیر بیگ صدر کمیٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے ذریعہ قوموں کی ترقی ممکن ہے اس کے ساتھ ساتھ اخلاقیات، اسلامی ماحول کی فراہمی، طلبہ کی کردار سازی اور سلام کرنے میں پہل کرنا جیسے نصیحت آمیز تعلیم کی طرف توجہہ دینا بھی ضروری ہے۔ محمد یوسف الدین خان سکریٹری کمیٹی نے کہاکہ دین والے بھی دنیا میں اپنا منفرد مقام حاصل کرکے زندگی کی پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی حالت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے اور 90فیصد طلبہ ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ترک تعلیم کرتے ہیں جس کے پیش نظر مدرسہ کے طلبہ کی مثال دیگر دینی مدارس کیلئے غور طلب ہے۔ محمد مختار امام و خطیب مدینہ مسجد پھولانگ نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دین کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم کا ایک ساتھ چلنا لازمی ہے۔ اس پروگرام کو حلیم خان رئیس نے بھی مخاطب کیا۔قبل ازیں حافظ نعیم خان کی تلاوت کلام پاک سے تہنیتی پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر مدرسہ دارالعلوم و مسجد کوثر علی انتظامی کمیٹی نظام آباد کی جانب سے حافظ نعیم خان اور دسویں جاعت میں کامیاب حاصل کرنے والے 4طلبہ عبدالرؤف، محمد فیض الدین، اویس الدین صدیقی اور شیخ سعادت کی گلپوشی اور نذرانہ پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انتظامی کمیٹی کے عہدیدار عبدالکریم لالا، نائب معتمد اعجاز اسماعیل فاروقی شاہین، ایم اے کلیم، ندیم خان، عبدالمجید خان، عبدالحفیظ خان، ملک مظہر اللہ، مدرسہ کے اساتذہ حافظ محمد مظاہری، حافظ محمد وسیم، حافظ محمد عارف، حافظ محمد مظہر کے علاوہ مدرسہ میں زیر تعلیم طلبہ کثیر تعداد میں شریک تھے۔