دین دارانہ ماحول کی آبیاری کیلئے سیرت النبیؐ کا مطالعہ ازحد ضروری

   

مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی کا شاہی مسجد باغ عام میں خطاب
حیدرآباد، 19جولائی (پریس نوٹ) مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی امام و خطیب شاہی مسجد باغ عام نے کہا ہیکہ آج کا دور معلومات کے بہاؤ اور کثرت کا دور ہے؛ لیکن اس دور میں بھی ہم رسول اعظمﷺ کی زندگی اور سیرت سے ناواقف ہیں۔ حضور اکرمؐ کے اقوال اور احادیث سے تو ہم کہیں نہ کہیں واقف ہیں؛ لیکن ہم حضور علیہ وسلم کی از ولادت تا وصال تک کی مکمل زندگی کے بارے میں مکمل واقف نہیں۔ رسول اللہؐ کی سیرت اور آپؐ کی احادیث دونوں الگ الگ چیزیں ہیں۔ جب ہم حضورؐ کی مکمل شخصیت سے واقف ہوں گے تو آپؐ کی عظمت اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا، اسی طرح ہمیں پہلے سے زیادہ حضورؐ کی احادیث کی اہمیت و عظمت ہوگی۔ مولانا احسن الحمومی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرمؐ کی سیرت سے متعلق کوئی ایک مکمل کتاب ضرور پڑھیں۔ آپ کو جو زبان آتی ہو؛ اس زبان میں سیرت رسولؐ کو پڑھیں۔ قرآن پاک میں اللہ تعالی فرماتا ہے کہ ’ایمان والے تو سب سے زیادہ اللہ سے محبت کرتے ہیں‘۔ ایمان والوں کی اللہ سے محبت غیر مشروط طور پر ہوتی ہے اور ہر لمحہ، ہر موقع اور ہر اعتبار سے اللہ سے محبت ہوتی ہے۔ اللہ سے بے غرضانہ محبت ایمان والوں کا سرمایہ ہے۔ بندہ مومن کا ہمیشہ خیال اللہ کی طرف ہوتا ہے۔ اگر کسی کے اندر اللہ سے محبت کی کمی آئے تو اللہ اس بندہ کو کئی موقعے دیتے ہیں۔ اس بندہ کو اللہ ڈھیل دیتے ہیں۔ اگر اس کے باوجود بھی بندہ میں اللہ کی محبت نہ آئے تو اس کے بدلے کسی دوسرے کو ری پلیس کردیتے ہیں۔ اس طرح ایک ایک انسان کی طرح اللہ بستیوں کو بدل دیتے ہیں اور جن کے بارے میں خوب و خیال میں نہیں سوچا جاسکتا، اللہ ایسے لوگوں کو ہدایت اور اپنے سے محبت کا نور عطا کرتا ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے بستیاں تو مسلمانوں کی بستیاں ہیں، اللہ کو چاہنے والوں کی بستیاں ہیں۔ لیکن یہ ہمیشہ سے مسلمانوں کی بستیاں رہے، یا یہاں رہنے والے ہمیشہ سے دین پر ثابت قدم رہے؛ ایسی کوئی ضمانت نہیں ہے! اللہ کسی بھی بستی کو بدل سکتی ہے اور کسی کو بھی ہدایت دے سکتے ہیں۔ اسپین کی گلی گلی ایک زمانے میں مسلمانوں سے آباد تھی، اسپین میں مسلمانوں کو عروج حاصل تھا۔ وہاں مسلمانوں نے تقریباً آٹھ سو سال حکومت کی، لیکن آج وہاں کا کیا حال ہے؟ جب وہاں کے مسلمانوں میں دولت، عیش و عشرت اور عیاشی بڑھی اور دینی زوال آیا اور خاص کر اللہ سے محبت میں کمی آئی تو وہاں کی مسلمانوں کی بستیوں کو اللہ نے صفحہ ہستی سے مٹا کر رکھ دیا۔ یہ ایک عبرتناک مثال ہے۔ مسلمانوں! اللہ سے اٹوٹ محبت ہر چیز اور ہر محبت پر غالب آئے جائے۔ آج محبتِ خدا کے واقعات ہماری مجلسوں میں بیان ہونا ہی چھوٹ گئے ہیں۔