دین سے دوری کی وجہ نئی نسل ارتداد کا شکار ، طلاق کے واقعات میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

زوجین کو حقوق کی ادائیگی پر زور ، بیجا رسومات سے اجتناب کی تلقین ، گلبرگہ میں اجتماعی شادیاں ، مولانا شاہ فخرالدین و دیگر کا خطاب

گلبرگہ ۔ 13 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت شیخ شاہ محمد افضل الدین جنیدی سراج بابا سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ کی سرپرستی اور محمد طاہر علاء الدین جنیدی طاہر بابا جانشین سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ ، غلام محی الدین جنیدی منہاج بابا ، محمد قوام الدین جنیدی وہاج بابا ، برادران گرامی سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ کی زیر نگرانی چودہ اجتماعی شادیاں بحسن و خوبی انجام پائیں ۔ مولانا حافظ و قاری شاہ محمد فخرالدین مانیال نے خطبہ نکاح پڑھا اور عاقدین کیلئے دعائے خیر فرمائی۔ عاقدین کیلئے فرنیچر سامان جہیز اور ملبوسات کے علاوہ چودہ عاقدین کے افراد خاندان رشتہ داروں اور دیگر تمام شرکاء کیلئے ضیافت کا عظیم الشان پیمانہ پر اہتمام کیا گیا تھا ، علاوہ ازیں تمام عاقدین کوپچاس پچاس ہزار روپئے مائیناریٹی ڈیپارٹمنٹ سے براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے گئے ہیں۔حضرت مولاناحافظ و قاری شاہ محمد فخرالدین مانیال خطیب و امام مسجد بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کی شدید ترین ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ نے گذشتہ پندرہ سالوں سے عظیم الشان پیمانہ پر اجتماعی شادیوں کا نظم قائم فرمایا ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ دین اسلام نے نکاح کو آسان کرنے کا حکم دیا ہے ۔بیجا رسومات کی وجہ سے آج معاشرہ میں بہت سی برائیاں جنم لے چکی ہیں۔ غریب و متوسط خاندانوں کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی شادیا ں کرنا ایک مشکل امر بن گیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ آج ملت اسلامیہ کا بہت بڑا سرمایہ شادیوں کی بیجا رسومات میں صر ف کیا جارہا ہے۔اگر یہی سرمایہ ملت اسلامیہ کی نئی نسلوں کی تعلیم اورہنرو تجارت پر صرف کیا جائے تو مسلم معاشرہ سے غربت کا یقینا خاتمہ ہوگا اور مسلم معا شرہ ایک خود کفیل اور صالح معاشرہ بن جائیگا۔ مولانا محمد فخرالدین مانیال نے مزید کہا کہ دین اسلام نے زوجین کے حقوق کو متعین کرتے ہوئے مردوں کو گھر چلانے اور خواتین کو گھر سنبھالنے کی ذمہ داری عطا کی ہے ، مرد اپنی ذمہ داری اور خواتین اپنی ذمہ داری کو بہ حسن و خوبی انجام دیں گے تو اس کے ذریعہ ایک بہترین خاندان بہترین معاشرہ تشکیل پاتا ہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ احکام شریعت سے ناواقفیت اور ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی کی وجہ سے مسلم معاشرہ میں طلاق و خلع کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ گھر وں میں اسلامی ماحول نہ ہونے اور موبائیل اور انٹرنیٹ کے غلط استعمال کی وجہ سے کئی نوجوان تباہ ہورہے ہیں ۔ دین سے دوری کی وجہ سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ارتداد کا شکار ہورہے ہیں۔ ملت کے ذمہ داروں کو موجودہ حالات میںنئی نسل کو دین دار بنانے کیلئے ہر طرح سے متحرک ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ اس تقریب میں تقدس مآب حضرت سید شاہ عامر سقاف قادری مقبل سادات سجادہ نشین سقاف روضہ بیجاپور،شری ڈاکٹر اجئے سنگ ایم ایل اے جیورگی چیر مین KKRDB ، الم پر بھو پاٹل ایم ایل اے گلبرگہ جنوب ، محترم فراز الاسلام KPCC ممبر، لعل احمد بمبئی سیٹھ ، اسلم باجے سابقہ کارپوریٹر، عبدالمنا ن ضلع وقف آفیسر ، سنگمیش ضلع آفیسر مائناریٹی ڈپارٹمنٹ ، سچن تعلقہ آفیسر مائناریٹی ڈپاٹمنٹ ، اقبال احمد شیرنی فروش کے علاوہ دیگر عمادین شہر اور عوام الناس نے شرکت کی ۔ عبد القیوم سالار جنگ ، شیخ یونس کلاسک اسٹیج ڈکو ریٹر ، حافظ عبدالماجد نے تقریب کی انتظامات میں حصہ لیا ۔