دیوالیہ جیٹ ایرویز کے ملازمین کا ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ

   

نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جیٹ ایرویز کے کئی ملازمین منگل کے دن قومی صدر مقام میں جمع ہوگئے اور دیوالیہ پن کی کارروائی کے مکمل ہونے تک انہیں عبوری مالی امداد دینے کا مطالبہ کرنے لگے۔ جیٹ ایرویز نے 17 اپریل سے روزمرہ کی بنیاد پر پروازوں کیلئے درکار رقم دستیاب نہ ہونے کے سبب اپنی پروازوں کو بند کردیا تھا۔ ملازمین کے ایک کنسورشیم نے مطالبہ کیا ہے کہ قرض خواہوں کی کمیٹی عبوری امداد کے طور پر ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ فراہم کرے۔ یہ کنسورشیم 9,000 ملازمین کی نمائندگی کرتا ہے جن میں پائیلٹ، ہوائی جہاز کے انجینئر اور کیبن کا عملہ کے ارکان ہیں۔ کنسورشیم کے ایک نمائندے اے کے موہنتی نے کہا کہ جیٹ ایرویز کے ملازمین کی بنیادی ضرورتوں کیلئے کم سے کم ایک ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے۔ جنتر منتر پر جو ملازمین اکٹھا ہوئے تھے، ان میں سے اکثر نے جیٹ ایرویز کا یونیفارم پہن رکھا تھا۔ دیوالیہ کے قانون کے تحت درخواست کے ادخال کی آخری تاریخ 10 اگست ہے۔